نیب چیئرمین کانیب  کے کراچی بیورو  کا الوداعی دورہ

 
0
643

اسلام آباد اکتوبر 3(ٹی این ایس)قومی احتساب بیورو کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے نیب  کے کراچی بیورو  کا الوداعی دورہ کیا۔ نیب کراچی پہنچنے پر ان کا پرتپاک استقبال اورگارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ انہوں نے نیب کراچی آمد کے بعد ڈی جی نیب کراچی محمد الطاف باوانی سے ملاقات کی، ملاقات میں ڈی جی نیب کراچی نے نیب کراچی کی کارگردگی پر روشنی ڈالی ۔ اس موقع پر نیب افسران سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری نے کہا کہ نیب کراچی نے نیب کی مجموعی کارکردگی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی کا خاتمہ پوری قوم کی آواز ہے۔ قومی احتساب بیورو کے افسران بدعنوانی کے خاتمے کیلئے قومی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محنت ، ایمانداری ، شفافیت اور میرٹ کامیانی کی منزل کی طرف لے جاتے ہیں، نیب افسران نے ثابت کیا ہے کہ انہوں نے گذشتہ چار سالوں میں نہ صرف 50 ارب روپے قومی خزانے میں جمع کروائے ہیں بلکہ بدعنوان عناصر کو گرفتار کرکے ان کے خلاف کرپشن ریفرنس احتساب عدالتوں میں جمع کروائے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ بدعنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے جس کے خاتمے کے نیب نے آگاہی و تدارک اور انفورسمنٹ کی پالیسی اپنائی ہے جس کے بے حد اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ نیب کی کارکردگی کو ملکی اور بین القوامی ادارے سرا پارہے ہیں انہوں نے نیب افسران کو ہدایت کی کہ وہ اپنی توانائیوں، کاوشوں اور کوششوں کو مزید دوگنا کریں تاکہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کا خواب شرمندہ تعبیر ہوسکے۔ انہوں نے کراچی نیب کی شاندار کارکردگی پر ڈی جی نیب کراچی الطاف باوانی اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو بے حد سراہا۔ چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری کو نیب کراچی میں خوش آمدید کہتے ہوئے نیب کراچی کے ڈائریکٹر جنرل محمد الطاف باوانی نے کہا کہ آپ کے چار سالہ دور میں نیب کی کارکردگی ہر لحاظ سے بڑھی ہے آپ کی قیادت میں نیب بدعنوانی کے خاتمے کیلئے سنجیدہ کاوشیں کررہاہے۔ا ٓپ نے اپنے دور میں نیب کے افسران کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے جو اقدامات ٰ اٹھائے ہیں ان کے مثبت اثرات سامنے آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نیب کراچی بدعنوان عناصر کیخلاف بلاتفریق اور قانون کے مطابق کاروائی کرتے ہوئے بدعنوانی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے۔ نیب کراچی کے افسران محنت، جانفشانی اور ایمانداری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ آخر میں چیئر مین نیب قمر زمان چوہدری نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کرنے ہوئے نیب کراچی کی ڈی جی کراچی کی سربراہی میں شاندار کارکردگی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی نیب کراچی اپنی شاندار کارکردگی کو جاری رکھے گا ۔