اسلام آباد ،اکتوبر 03 (ٹی این ایس): وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی، قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ اور وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے مالی سال 2016-17ء کے لئے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن آف پاکستان میں جمع کرا دیں ہیں ۔ الیکشن کمیشن کی ایک پریس ریلیز کے مطابق جن اہم ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائی ہیں ان میں عمران خان، فریال تالپور، فرحت اﷲ بابر، مرتضیٰ جاوید عباسی، نوید قمر، مولانا محمد شیرانی، سردار محمد یعقوب، جہانگیر ترین، مراد سعید، احمد علی، عبدالقادر بلوچ، شیریں مزاری، مریم اورنگزیب، سردار یعقوب ناصر، مشاہد حسین سید، پرویز رشید، راجہ ظفر الحق، اکرم درانی، غلام احمد بلور، سراج الحق، رحمان ملک، شیری رحمان، فضل الرحمان، چوہدری نثار، خرم دستگیر، پرویز الٰہی، احسن اقبال، زاہد حامد، خواجہ سعد رفیق اور مخدوم شاہ محمود قریشی شامل ہیں۔ جن ارکان پارلیمنٹ نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات الیکشن کمیشن میں اب تک جمع نہیں کروائیں ان میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا ہ پرویز خٹک، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیراعلیٰ بلوچستان ثناء اﷲ زہری، وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف، دانیال عزیز، حمزہ شہباز، سردار اویس لغاری، غلام ربانی کھر، اعجاز الحق، فہمیدہ مرزا، فاروق ستار، عارف علوی، تہمینہ دولتانہ، عائشہ گلا لئی، کامل علی آغا، اعتزاز احسن اور فاروق ایچ نائیک شامل ہیں۔ اسی طرح اعظم خان سواتی، آفتاب شیرپاؤ، شہریار خان آفریدی، سردار محمد یوسف، کیپٹن صفدر، اسد عمر، طارق فضل چوہدری، شیخ رشید، طلال چوہدری اور عابد شیر علی نے بھی مالی سال 2016-17ء کے لئے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہیں کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے ارکان پارلیمنٹ کو خبردار کیا ہے کہ 15 اکتوبر تک اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والوں کی رکنیت معطل کر دی جائے گی اور ان کے نام شائع کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں تمام اسمبلیوں کے سیکریٹری صاحبان کو خطوط بھی ارسال کئے جائیں گے کہ اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والے ارکان پارلیمنٹ کو اسمبلی اجلاسوں میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے اور ان کی تمام سہولیات و مراعات معطل کر دی جائیں گی۔