خیبرپختونخواہ کے تمام ملازمین کاریکارڈ ایک ماہ میں کمپیوٹرائز کرنے کا فیصلہ، محکمانہ انکوائریز بھی ایک ماہ کے اندر نمٹانے کی ہدایت

 
0
360

 

پشاور،اکتوصبر  03 (ٹی این ایس): چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت تمام صوبائی محکموں کے انتظامی سیکرٹریز کاایک اجلاس منگل کے روز سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقد ہوا جس میں چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کواگلے ہفتہ سے انتظامی اورترقیاتی بریفنگ تیارکرنے کی ہدایت کی گئی۔ سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری قانون اورسیکرٹری اسٹیبلیشمنٹ پر مبنی ایک کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیاگیا جو عدالتوں میں زیر التواء سرکاری ملازمین کے کیسز کاجائزہ لے گی۔ کمیٹی عام نوعیت کے کیسز کو محکمانہ سطح پر حل کرنے کی کوشش کرے گی جبکہ تمام محکموں میں زیرالتواء سرکاری ملازمین کی ترقیوں کے کیسز ایک ماہ میں نمٹا نے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے خالی آسامیوں کوپُر کرنے کے لئے درخواستیں پبلک سروس کمیشن کوایک ماہ کے اندر ارسال کرنے کی ہدایت کی جبکہ محکموں کے دائرہ اختیار میں خالی اسامیاں90 دنوں میں پُر کرنے کی ہدایت کی۔ مزید براں تمام محکموں کو 10 دن کے اندر مفاد عامہ کے تین نئے تخلیقی مسودے تیار کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔ چیف سیکرٹری نے تمام محکموں کو 45 دنوں کے اندر زیر التواء سروس رولز کو حتمی شکل دینے کی ہدایت جاری کی جبکہ واضح کیا کہ غیر تسلی بخش کارکردگی پرمحکموں کے سربراہان سے سخت باز پُر س کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہرسرکاری فائل کے پیچھے ایک انسانی کہانی ہوتی ہے لہٰذا فائلوں کو التواء میں نہ ڈالا جائے۔ نیز احساس ذمہ داری اورانسانی ہمدردی کے پیش نظر تمام فائلوں پر بروقت کارروائی کی جائے اورسرکاری کام کوذاتی کام سمجھ کر نمٹایاجائے۔ انہوں نے مزید ہدایات جاری کیں کہ تمام عوامی نمائندوں کے ساتھ خوش اخلاقی کامظاہرہ کیا جائے۔مزید یہ کہ تمام قوانین مفاد عامہ کے لئے بنتے ہیں اور ان کی تشریح بھی عوامی خدمت کے پیش نظر کی جائے۔ انہوں نے لیبر ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کیں کہ صوبے بھر کے تمام نجی اداروں میں کم از کم اجرت کویقینی بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں اورمحکمہ تعلیم کو بھی ہدایات جاری کیں کہ نجی سکولوں میں مقررہ کم از کم تنخواہ کو یقینی بنانے کے لئے طریقہ کار بنایا جائے ۔مزید برآں انہوں نے کہا کہ صوبائی محکموں ،ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے مابین باہمی روابط کو یقینی بنانے کے لئے قواعد جلد تمام محکموں کوفراہم کردئیے جائیں گے۔چیف سیکرٹری محمد اعظم خان نے کہا کہ تمام سیکرٹریز اپنے محکموں میں ذمہ داریاں تفویض کریں اوراپنے زیر نگرانی اداروں کو سیکٹوریل تعاون فراہم کریں اورتمام سرکاری امور کوخدا ترسی کے جذبے سے نمٹایا جائے۔