ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا شعبہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی نوعیت کا کردار ادا کررہاہے ٗسرتاج عزیز

 
0
327

اسلام آباد اکتوبر 4(ٹی این ایس)ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن سرتاج عزیزنے کہاہے کہ ٹرانسپورٹ اور مواصلات کا شعبہ ملک کی سماجی اور اقتصادی ترقی میں کلیدی نوعیت کا کردار ادا کررہاہے، پیداوار میں اضافے کیلئے موثراور فعال ٹرانسپور ٹ کا نظام اور جدید بنیادی ڈھانچہ لازم وملزوم ہے۔ وہ سی ڈی ڈبلیوپی کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں 53.6 ارب روپے کے 24 منصوبوں کی منظوری دی گئی جبکہ اجلاس میں 27.1 ارب روپے لاگت کے3 منصوبے ایکنک کو حتمی منظوری کیلئے بھجوادیئے گئے۔ توانائی سے متعلق 18.8 ارب روپے، آبی وسائل سے متعلق 1186 ملین روپے، ماحولیات سے متعلق 3.8 ارب، ٹرانسپورٹ و مواصلات سے متعلق 14.9 ارب روپے کے منصوبے شامل ہیں، انفارمیشن ٹیکنالوجی220.012 ملین روپے، سائنس و ٹیکنالوجی5.6 ارب اور صحت سے متعلق 2.9 ارب کے منصوبے شامل ہیں۔ سی ڈی ڈبلیو پی میں وزارت مواصلات کے 5 منصوبے پیش کئے گئے جس میں ساڑھے دس ارب روپے کی لاگت سے دریائے سندھ کے مقام پر لیہ کو تونسہ سے ملانے کیلئے پل کا منصوبہ پیش کیا گیا جسے منظور کیا گیا۔

وزارت مواصلات کا دوسرا منصوبہ 595.629 ملین روپے کی لاگت کا دیا گیا جس میں شیخپورہ۔ کوٹ پنڈی داس انٹر چینج موٹر وے ایم۔ ٹو کی تعمیر شامل ہے۔ وزارت مواصلات کا تیسرا منصوبہ شیخوپورہ میں ہی فاروق آباد انٹرچینج موٹر وے ایم۔ ٹو کی تعمیر کا ہے جس کی لاگت کا تخمینہ 861.38 ملین روپے ہے۔ ساڑھے26 کلو میٹر طویل سیالکوٹ پسرور شاہراہ کو دورویہ کرنے کیلئے2.9 ارب روپے کا منصوبہ بھی منظور کرلیا گیا۔