این اے 120 ہی نہیں ، پورا پاکستان ، مسلم لیگ(ن) اور محمد نوازشریف کا قلعہ ہے ‘شہباز شریف

 
0
1149

لاہوراکتوبر 4(ٹی این ایس) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) نے لاہور کے حلقہ120میں شاندار اورتاریخی کامیابی حاصل کی ہے ،جس پر میں دل کی اتھاہ گہرائیوں سے بیگم کلثوم نواز کو مبارکباد دیتا ہوں ،یقیناًمسلم لیگ(ن) نے انتہائی نامساعد حالات اورمشکل حالات میں 15ہزارکی لیڈ سے کامیابی حاصل کر کے ثابت کردیا ہے کہ یہ حلقہ ہی نہیں،یہ شہر ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان ،پاکستان مسلم لیگ(ن) اور محمد نوازشریف کا قلعہ ہے،این اے 120 کے ضمنی الیکشن پر پورے پاکستان کی نظر تھی،دوستوں کی دعاؤں اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے مسلم لیگ (ن) کو شاندار کامیابی ملی ہے ، جو لوگ یہ کہتے ہیں کہ مسلم لیگ(ن) نے اس حلقے میں صرف 15ہزار ووٹوں کی لیڈ سے کامیابی حاصل کی ہے وہ جان لیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے 2018ء کے عام انتخابات میں دودھ کا دودھ اورپانی کا پانی ہوجائے گا۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار الحمراء ہال میں پاکستان مسلم لیگ(ن) کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف ،وفاقی و صوبائی وزراء،اراکین قومی و صوبائی ا سمبلی اورپارٹی کارکنوں کی بڑی تعداد نے ورکرز کنونشن میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت آنے سے قبل ملک میں 18،18 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہورہی تھی اور آج محمد نواز شریف کی قیادت میں ملک سے لوڈ شیڈنگ کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوگیا ہے ۔محمد نواز شریف نے ملک سے لوڈ شیڈنگ ختم کی ہے ۔ملک سے لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے دن رات کام کیا ہے اوریہ ہماری حکومت کی محنت اوردن رات کی کاوشوں کا ثمر ہے کہ ملک میں کہیں لوڈ شیڈنگ نظر نہیں آرہی۔لوڈ شیڈنگ ختم ہی نہیں ہوئی بلکہ صنعت،زراعت،تجارتی مراکز،سکولوں اور ہسپتالوں میں ہر جگہ بجلی موجود ہے اورعوام کو سستی بجلی مل رہی ہے اور انہیں حقیقی معنوں میں ریلیف ملا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر آج پانچ سال پہلے کا وقت ہوتا تو شاید اس تقریب کے دوران اب تک12مرتبہ بجلی جاچکی ہوتی لیکن اب ہماری حکومت کی کاوشوں سے لوڈ شیڈنگ کا کہیں دور دورتک نام و نشان نہیں۔یہ بجلی پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر محمد نوازشریف ہی لائے ہیں جس سے آپ کے گھر ،بازار اورگلیاں روشن ہیں۔دوسری جانب نندی پور اوررینٹل پاور پراجیکٹس کو بھی سامنے رکھیں اوردیکھیں کے سابق حکمرانوں نے کس طرح ان منصوبوں کے نام پر 20کروڑ عوام کی جیبیں کاٹیں۔بجلی کے منصوبوں میں کرپشن اورلوٹ مار کرنے والے اب ٹی وی پر بیٹھ کر کرپشن کے خلاف بھاشن اورلیکچر دیتے ہیں ۔قوم یہ بھی جاننا چاہتی ہے کہ خان صاحب آپ نے کے پی کے میں کتنے میگاواٹ بجلی پیدا کی ہے ؟

انہوں نے کہا کہ جب لاہور میں ڈینگی آیا تو خان صاحب نے ہمیں ڈینگی برادران کہا۔لیکن جب پشاور میں ڈینگی آیا تو وہ ڈر کر پہاڑوں پر چڑھ گئے کہ کہیں ان پر ڈینگی حملہ نہ کر دے۔وہ پہاڑوں پر اس لئے چڑھے کے وہاں ڈینگی نہیں آسکتا۔ پشاور کے لوگ ڈینگی سے اللہ کو پیارے ہورہے ہیں،تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھے ہوئے ہیں۔ایسا لیڈر پاکستان کو کیسے چلا سکتا ہے،جو ڈینگی کے خوف سے پہاڑوں پر چڑھ جاتا ہے ۔عوام نے اس بارے میں 2018ء کے انتخابات میں اپنا فیصلہ دینا ہے ۔انہوں نے کہاکہ آئینی ترمیم میں ختم نبوت کے معاملے پر قائد محمد نوازشریف نے فی الفور ایکشن لیتے ہوئے حکم دیا ہے کہ اس قانون کو دوبارہ پہلے والی حالت پر لایاجائے اور اسی طرح دوبارہ بنایا جائے جیسے یہ پہلے تھا۔میں نے اپنے قائد سے کہاہے کہ جس نے یہ الفاظ بدلے ہیں اس کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے۔وزیراعلیٰ نے حلقہ این اے 120کے انتخابات میں بیگم کلثوم نوازکی شاندار کامیابی پر اراکین اسمبلی اورمسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر پرویز ملک، صوبائی وزیر بلال یاسین، ایم پی اے ماجد ظہور،ان کی پوری ٹیم اورکارکنوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ہر حلقے میں 13 ہیلتھ کےئر سینٹرز بنائے جارہے ہیں اورسپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور جدید سہولتوں سے آراستہ جیمنیزیم بنائے جارہے ہیں۔ ۔وزیر اعلی نے کہا کہ بھابی کلثوم نواز کی جلد صحتیابی اور دراز عمری کیلئے دعا کی جائے کہ اللہ تعالی انہیں جلد شفا یاب کرے ۔