عوامی فلاح وبہبود اورامن واستحکام کیلئے جاری اقدامات کو بھی اُجاگرکرے، نواب ثنا ء اللہ خان زہری

 
0
8755

 

کوئٹہ،06 اکتوبر (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا ء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ پرنٹ اورالیکٹرانک میڈیا عوامی مسائل کو اُجاگرکرنے کے علاوہ حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں ،عوامی فلاح وبہبود اورامن واستحکام کیلئے جاری اقدامات کو بھی اُجاگرکرے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے بلوچستان ڈیلی نیوزپیپرز ایڈیٹرکونسل کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،جس نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں ان سے ملاقات کی۔صوبائی وزرأ نواب جنگیزمری ، میرسرفرازبگٹی ،سینیٹرآغاشاہ زیب درانی اورمتعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجودتھے۔

وفد نے وزیراعلیٰ کو اشتہارات کے اجرأ کے حوالے سے اخبارات کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا،جبکہ ڈائریکٹرجنرل پبلک ریلیشنز لعل جان جعفر نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو اخبارات کواشتہارات کے اجرأ میں کمی کی وجہ اشتہارات کے اجرأکے طریقہ کار اورگذشتہ چند ماہ کے دوران اخبارات کو جاری کئے گئے اشتہارات کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ اخباری صنعت سے بہت بڑی تعداد میں مقامی لوگوں کو روزگار وابستہ ہے لہٰذا حکومت کی خواہش ہے کہ اس صنعت کو درپیش مسائل حل کرکے اسے مزید ترقی دی جائے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ انہوں نے وزارت اعلیٰ کامنصب سنبھالنے کے فوری بعد سرکاری اشتہارات کی مدمیں مختص فنڈمیں اضافہ کیا،جبکہ واجبات کی ادائیگی کیلئے بھی خطیر اضافی فنڈز جاری کئے گئے۔وزیراعلیٰ نے ڈی جی پی آرکوہدایت کی کہ اشتہارات میںکمی کو پوراکرنے کیلئے ڈسپلے اشتہارات کااجرأ کیاجائے اوراس مد میں اضافی فندز کے اجرأ کیلئے فوری طورپر ان سے منظوری حاصل کی جائے۔وفد نے توجہ اورہمدردی سے ان کے مسائل سننے اوران کے حل کیلئے ہدایت جاری کرنے پر وزیراعلیٰ کاشکریہ اداکیا۔