مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز احتساب عدالت میں پیش، سیکورٹی انتہائی سخت

 
0
537

اسلام آباد،اکتو بر09(ٹی این ایس):سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز احتساب عدالت میں پیش ہوگئیں، اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ آج رینجرز تعینات نہیں ، پولیس اور ایف سی کے ایک ہزار اہلکار سیکورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔

مریم نواز پیشی کےلیےچودھری منیر کی رہائش گاہ سےاحتساب عدالت پہنچیں جبکہ نیب کی ٹیم کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو بکتر بند گاڑی میں لے کر احتساب عدالت روانہ ہوئی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نیب کی جانب سے دائر 3ریفرنس پر آج سماعت کریں گے۔گزشتہ سماعت پر عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف، حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

مریم نواز احتساب عدالت میں پیشی کے لئے چودھری منیر کی رہائش گاہ سے روانہ ہوئیں تو ان کے ہمراہ پرویز رشید، آصف کرمانی، مریم اورنگزیب، انوشہ رحمان اور وکلا کی ٹیم بھی تھی۔

مریم نواز اور ان کے خاوند کیپٹن (ر) محمد صفدر گزشتہ روز لندن سے وطن واپس پہنچے تو نیب کی ٹیم نے ایئرپورٹ سے ہی کیپٹن (ر) محمد صفدر کو حراست میں لے لیا تھا۔
سپریم کورٹ کے پاناما کیس سے متعلق 28 جولائی کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے شریف خاندان کے خلاف احتساب عدالت میں ایون فیلڈ پراپرٹیز، العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسمنٹ سے متعلق 3 ریفرنسز دائر کئے گئے تھے۔

نیب کی جانب سے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف ان کے بچوں حسن، حسین ، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو ملزم ٹھہرایا گیاہے۔