کراچی ،اکتو بر09(ٹی این ایس): انسداد دہشت کی عدالت نے سینٹرل جیل سے دو خطرناک دہشتگردوں کے فرار کے مقدمے میں ملزمان کے پروڈکشن آرڈر جاری کردیئے ہیں۔ 14 اکتوبر کو ملزمان کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ پیر کو کراچی میں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے روبرو سینٹرل جیل سے دو خطرناک دہشت گردوں کے فرار کرانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ کرائم برانچ پولیس نے سابق جیل سپرنٹنڈنٹ غلام مرتضی شیخ اور ڈپٹی جیل سپرنٹنڈنٹس عبدالرحمان شیخ کی اطلاعی رپورٹ جمع کرادی۔
ملزمان کے خلاف قیدی فراری کے تین مقدمات درج ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دو مقدمات میں ملزمان عبوری ضمانت جبکہ ایک میں گرفتار ہیں۔ مذکورہ مقدمہ میں ملزمان عبوری ضمانت پر رہا ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ 15روز قبل ملزمان کے خلاف ایک اور مقدمہ درج کیا گیا۔ نئے مقدمہ میں ملزمان عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔عدالت نے پولیس کی اطلاعی رپورٹ منظور کرلی۔ پروڈکشن آرڈر جاری کرتے ہوئے عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو حکم دیا کہ 14 اکتوبر کو ملزموں کو پیش کیا جائے۔ 13جون 2017 کو سینٹرل جیل میں قائم جوڈیشل کمپلیکس سے شیخ ممتاز عرف فرعون اور احمد خان عرف منا فرار ہوگئے تھے۔ 14جون کو تین جیل سپرنٹنڈنٹ سینٹرل سمیت جیل کے 12افسران کو گرفتار کیا گیا تھا۔













