عمران خان آئندہ انتخابات کے بعد اکیلے رہ جائیں گے، رانا ثناءاللہ

 
0
520

فیصل آباد ،اکتو بر09(ٹی این ایس):وزیر قانون پنجاب رانا ثنااللہ نے کہا ہےکہ عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں، 2018 کے الیکشن نتائج کے بعد سب ساتھ چلیں گے لیکن عمران خان اکیلے رہ جائیں گے اور ممکن ہے کہ 2018 میں کے پی کے میں بھی ان کی حکومت کا خاتمہ ہوچکا ہو۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر قانون پنجاب رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ نوازشریف کے خلاف فیصلہ آیا اسےقبول کرنا آئینی تقاضا تھا، عدالت کے فیصلے پرعمل نہ کرنا انارکی طرف جانے والی بات ہے تاہم فیصلہ آنے کے بعد اس پر تنقید ہوسکتی ہے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ سپریم کورٹ نے کہا کہ پیش ہوں، وہ پیش ہوگئے، عدالت نے گرفتار کرنے کا حکم دیا تو گرفتار بھی ہوگئے۔

رانا ثناءاللہ نےکہا کہ ذوالفقارعلی بھٹو کے خلاف فیصلے کو آنے کے بعد درست تسلیم کیا گیا؟ اس فیصلے کو عدالتی قتل کے طور پر دیکھا جاتا ہے، کیا ہر ڈکٹیٹر کو عدالت نے درست ہونے کی سند نہیں دی، ادارے دوسرے اداروں پر چڑھ دوڑیں تو اس قسم کے ابہام پیدا ہوتے ہیں۔

وزیر قانون نے چیئرمین پی ٹی آئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان بین الاقوامی طاقتوں کے آلہ کار ہیں اور انہوں نے کنٹینر پر چڑھ کر بے عزتی کی سیاست کا آغاز کیا، وہ آئندہ انتخابات کے بعد اکیلے رہ جائیں گے،ایسی سیاست کا پہلے کوئی فائدہ ہوا ہے اور نہ آج ہوگا۔

۔