وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ کی ملاقات ٗ دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

 
0
378

اسلام آباد اکتوبر 9 (ٹی این ایس)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان وسیع تر اقتصادی تعاون پر زور دینے کی ضرورت ہے ٗ دونوں ممالک کو ترجیحی ٹیرف اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور معاشی تعاون کے دیگر شعبوں کے معاہدوں کو حتمی شکل دینے کا ہدف مقرر کرنا چاہئے۔ وہ پیر کو آذربائیجان کے سفیر علی علیزادہ سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے پیر کو وزیراعظم آفس میں ان سے خیرسگالی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان اعتماد اور افہام و تفہیم سے عبارت روایتی طور پر قریبی اور خوشگوار تعلقات استوار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف شعبوں میں دوطرفہ اشتراک کار بتدریج بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف کی یکم مارچ 2017ء کو اسلام آباد میں 13 ویں ای سی او سربراہ کانفرنس میں شرکت کو سراہا۔ وزیراعظم نے جموں و کشمیر کے تنازعہ پر پاکستان کی مسلسل حمایت اور جموں و کشمیر کے بارے میں او آئی سی رابطہ گروپ میں اس کے قابل قدر کردار کی بھی تعریف کی۔ وزیراعظم نے نگورنو کاراباخ کے مسئلہ پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ اقتصادی تعاون میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کیلئے کوششیں بروئے کار لائی جائیں۔ پاکستان اس امر کا خواہاں ہے کہ دونوں ممالک ترجیحی ٹیرف اور تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور دیگر شعبوں میں معاہدوں کو حتمی شکل دینے کا ہدف مقرر کریں۔