شریف خاندان ایسے عدالتوں میں پیش ہورہا ہے جیسے یہ پکنک منانے آرہے ہیں،فواد چوہدری

 
0
437

اسلام آباد اکتوبر 10(ٹی این ایس) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ حسن اور حسین نواز پر پاکستان کا قانون ضرور لاگو ہوگا ،ملک کی جیل ان کی منتطر ہے،شریف خاندان ایسے عدالتوں میں پیش ہورہا ہے جیسے یہ پکنک منانے آرہے ہیں، والیم ٹین اور جے آئی ٹی تفتیش کی ویڈیوز سامنے لانے کا مطالبہ،جمائما کے آخری پیسوں کا بھی ریکارڈ دیدیا ،بنی گالہ زمین کی پوری منی ٹریل جمع کرادی، عمران خان کا مقدمہ ردی کی ٹوکری میں جاچکا ہے،وزیر داخلہ کو معیشت پر مذاکرات کے لیے امریکا بھیجنا پاکستان کے ساتھ مذاق ہے، حکومت عوام سے یہ مذاق بند کرے، ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔منگل کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ سازش کا سن سن کر ہمارے کان تھک گئے ہیں لیکن پتا نہیں چل رہا کہ یہ سازش کس نے کی، یہ کیسی سازش تھی جس میں پہلے بچوں کے اکا ئو نٹس بھرے گئے اور پھر اسے عالمی تنظیم نے آشکار کیا۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان میں تین وزرائے اعظم نیب کا سامنا کررہے ہیں، پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کا نام 6 سالوں سے ای سی ایل میں ہے اور انہیں ضمانتیں کرانی پڑرہی ہیں لیکن شریف خاندان ایسے عدالتوں میں پیش ہورہا ہے جیسے یہ پکنک منانے آرہے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ان پر 300 ارب روپے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، یہ کہتے ہیں مسئلہ اقامہ کا ہے لیکن یہ نہیں بتاتے یہ اقامہ ان کی کمپنی کیپٹل ایف زیڈ کا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیراعظم اور ان کی فیملی پاکستان کے پیسے چوری کریں اور مریم نواز کہتی ہیں کہ ان کے بھائیوں پر پاکستان کا قانون لاگو ہی نہیں ہوتا، یہ لوگ سیاست میں اپنے آپ کو بچانے کے لیے فضول باتیں کررہے ہیں، پاکستان کا پیسہ چوری کرکے باہر کے آدمی پر نام لگا دیں، فکر نہ کریں آپ پر پاکستانی قانونی لاگو ہوگا اور پاکستان واپس آنا پڑے گا کیونکہ پاکستان کی جیل آپ کی منتظر ہے، کوئی آپ کو برٹش جیل میں نہیں بھیجے گا۔فواد چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کا جو سرمایہ چوری ہوا اس کا حساب پاکستانیوں، پاکستانی عدالتوں اور نظام نے لینا ہے، تحریک انصاف کی کوشش ہے کہ احتساب کا عمل آگے بڑھے اور جاری رہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ مریم نواز ہیں جو کہتی تھیں کہ ان کی لندن تو کیا پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں ہے اور اب لائن لگ گئی ہے، ابھی تو جے آئی ٹی کی رپورٹ کا والیم ٹین اوپن نہیں ہوا، پہلی(ن)لیگ والیم ٹن کھولنے کا مطالبہ کررہی تھی لیکن اب ان کا یہ مطالبہ سامنے نہیں آرہا۔تحریک انصاف کے رہنما نے والیم ٹین کھولنے اور جے آئی ٹی کی تفتیش کی ویڈیوز سامنے لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ والیم ٹین کھولا جائے گا تو پتا چلے گا کہ انہوں نے اور کن کن ملکوں میں گل کھلائے، ان لوگوں نے کہا کہ ان پر تفتیش کے دوران تشدد کیا گیا تو پھر ویڈیوز سامنے لانا بہت ضروری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فرد جرم عائد ہونے کے بعد ورلڈ بینک کے لوگوں نے اسحاق ڈار سے ملنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد وزیر داخلہ کو معیشت پر مذاکرات کے لیے امریکا بھیجا گیا ہے جو پاکستان کے ساتھ مذاق ہے، حکومت عوام سے یہ مذاق بند کرے، ملک کی معیشت تباہ ہورہی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ عدالت میں عمران خان کا ایک ایک روپے کا حساب دے دیا گیا ہے، جمائما کے آخری پیسوں کا بھی ریکارڈ دے دیا اور بنی گالہ کی زمین کی پوری منی ٹریل جمع کرادی، عمران خان کا مقدمہ ردی کی ٹوکری میں جاچکا ہے اور جہانگیر ترین کا مقدمہ بھی ردی کی ٹوکری میں جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہا جارہا ہے عمران خان عدالتوں میں پیش نہیں ہوتے، عمران خان سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے تو(ن)لیگ کو بھاگنا پڑا، عمران خان جہاں جہاں گئی(ن)لیگ کو دور لگانی پڑی ہے وہ باقی عدالتوں میں بھی پیش ہوں گے۔