کینیاکی یونیورسٹی میں فائرنگ ، 2اسٹاف ممبر ہلاک اور متعدد طلبا زخمی

 
0
363

نیروبی،اکتوبر 10( ٹی این ایس): کینیا میں نامعلوم ملزم نے یونیورسٹی میں فائرنگ کردی جس سے 2 خواتین ہلاک اور متعدد طلبا زخمی ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پولیس نے بتایا کہ ممباسا کی ٹیکنیکل یونیورسٹی میں نامعلوم حملہ آور نے اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ابتدائی طور پر یونیورسٹی کی 2 اسٹاف ممبر ہلاک اور متعدد طلبا زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق فائرنگ سے ہلاک ہونے والی دونوں خواتین ہیں جبکہ فائرنگ سے ایک ڈرائیور اور 2 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد یونیورسٹی میں بھگدڑ مچ گئی اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے کیمپس کو گھیرے میں لے لیا۔رپورٹس کے مطابق حملہ آور کی گرفتاری یا شناخت سے متعلق اب تک کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔