جنوبی ایشیا پر نئی امریکی پالیسی پر مذاکراتی عمل شروع

 
0
353

اسلام آباد اکتوبر 13(ٹی این ایس) جنوبی ایشیاء سے متعلق نئی امریکی پالیسی کے تناظر میں باضابطہ پاک امریکا مذاکراتی عمل شروع ہوگیا ہے۔ سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ مسائل کے حل میں پاکستان حصہ دار بنتا رہے گا۔امریکی نمائندہ لیزا کرٹس کی قیادت میں امریکی وفد نے اسلام آباد میں پہلے دفترخارجہ کا دورہ کیا اور وہاں سیکریٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ سے مذاکرات کئے۔امریکی وفد میں قائم مقام نائب وزیرخارجہ ایلس ویلز ، قائم مقام وزیردفاع بھی شامل تھے۔بات چیت میں باہمی دلچسپی کے تمام امور پر بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کرتے ہوئے امریکی پالیسی کے تناظرمیں افغان امور کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔امریکی وفد کو افغان سرحد کے پارسے پاکستان میں ہونے والے مسلسل حملوں اور مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا گیا۔ پاکستان کو دہشت گردوں اور شدت پسندوں سے پاک بنانے کے اقدامات بھی امریکی وفد کو بتائے گئے۔تہمینہ جنجوعہ کا کہناتھاکہ پاکستان افغان مسئلے کے پرامن حل ، علاقائی اور دوطرفہ کوششوں کا حصہ رہے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق امریکی وفد کی آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے ملاقات بھی ہوئی۔انہوں نے جنوبی ایشیا سے متعلق امریکی حکمت عملی کے خدوخال سے متعلق آرمی چیف کو آگاہ کیا ، اس موقع پر علاقائی سلامتی امور اور اففان صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے امن اور استحکام کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کا جائزہ بھی لیا گیا۔آرمی چیف نے خطے میں عدم استحکام سے متعلق پاکستان کی تشویش سے امریکی وفد کو آگاہ کیا۔انہوں نے بتایاکہ مشکلات کے باوجود پاکستان نے بہترین اقدامات کیے ہیں ، عوامی تواقعات کے مطابق ملک کے مستقبل کی خاطر آئندہ ایسے اقدامات جاری رہیں گے۔امریکی وفد نے دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا۔