وزیراعلی سندھ کی طرف سے عمر کوٹ میں خاتون کے اغوأاور میر پور خاص میں خسرہ کی بیماری پھیلنے کا نوٹس۔ متعلقہ محکموں کے افسران کو کارائی اور علاقوں کے مستقل دورے کرنے کی ہدایت

 
0
344

کراچی،اکتوبر16(ٹی این ایس): وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے عمر کوٹ کے گاؤں لعل باھ کے علاقے سے ایک خاتون کے اغوا کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے کمشنر میرپور خاص اور ڈی آئی جی میر پورخاص کو خاتون کی فوری بازیابی کی ہدایات جاری کی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ وہاں ہر ایک کی جانوں،عزت کو تحفظ فراہم کیاجائے اور بالخصوص اقلیتوں پر بطورخاص توجہ دی جائے۔

وزیر اعلی سندھ نے ایک اور نوٹس لیتے ہوئے محکمہ صحت کوہدایت کی کہ وہ جھڈوضلع میر پور خاص کے مختلف دیہاتوں جہاں پر چکن پوکس/خسرہ کی بیماری کا متعدد بچے شکار ہوئے ہیں کے علاج کے لیے میڈیکل ٹیمیں بھیجیں ۔انہوں نے کہا کہ انہیں علاج معالجہ کی تمام تر سہولیات فراہم کی جائیں اور اس کے متعلق انہیں رپورٹ پیش کی جائے۔وزیرا علی سندھ سید مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کے ذریعے تمام کمشنر وں ، ڈپٹی کمشنروں اور انتظامیہ کے دیگر افسران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ اپنے متعلقہ علاقوں کے لوگوں کے ساتھ قریبی روابط رکھیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنروں کو چاہیے کہ وہ اپنے شہروں ،صحت کی سہولیات اور اسکولوں کے لازمی دورے کریں تاکہ عوام کے بہتر مفاد میں ان کی کارکردگی کو یقینی بنایا جاسکے۔

 انہوں نے اسی قسم کی ہدایات پولیس کے لیے جاری کیں کہ وہ لوگوں کو دیکھیں تاکہ لوگ بغیر کسی خوف و خطر کے اپنے روز مرہ کیکام اور کاروباری سرگرمیاں سرانجام دیں سکیں ۔ وزیر اعلی سندھ نے صوبائی وزیر بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ وہ لوکل باڈیز کو ہدایت کریں کہ وہ اپنے علاقوں کو صاف ستھرا رکھیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم انہیں خاطر خواہ فنڈز دیتے ہیں لہذا انہیں چاہیے کہ یہ کام کریں۔