فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کی تحریک چلانے والے امریکی مفادات کی مہم چلارہے ہیں ، نائب امیرجمعیت علماء اسلام سندھ 

 
0
376

لاہور،اکتوبر16(ٹی این ایس): یہ دعویٰ کرتے ہوئے کہ جمعیت علماء اسلام ہی فاٹا کے مسئلہ پر عوامی امنگوں کی ترجمانی کا فریضہ ادا کر رہی ہے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنے کی تحریک چلانے والے امریکی مفادات کی مہم چلارہے ہیں۔

 وہ اتوار کو لاہور، سوات اور اسلام آباد کے دس روزہ دورے سے واپسی پر جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولانا محمد بلال سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال ، مدرسہ تحفیظ القران شیرپاؤ کالونی لانڈھی میں حافظ نعیم اللہ کے والداور میٹرول میں حاجی اشتیاق کے جواں سال داماد کے انتقال پر اظہار تعزیت اور مقامی ہسپتال میں جامعہ بنوریہ العالمیہ سائٹ کے رئیس مفتی محمد نعیم کی عیادت کے موقع پر جماعتی کارکنوں اور احباب سے گفتگو کررہے تھے۔اس موقع پر الخیر ٹرسٹ العالمی کے چیئر مین حاجی محمد ادریس ، بابائے جمعیت محمد الیاس خان، مولانا احتشام الحق ، مولانا شاکر اللہ ، ناصر خان ، فضل الہی ، مولانا مشتاق زاہد ، ملا مسکین ، محمد سعید اور دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔

انھوں نے کہا کہ فاٹا کے عوام کی تائید و حمایت کے بغیر کسی بھی فیصلے کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ کراچی ایک بارپھر ڈاکوؤں کی آماجگاہ بن رہا ہے جہاں حکومتی رٹ نظر نہیں آتی۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ فاٹا کے انضمام کا مسئلہ وہ جماعتیں اٹھا رہی ہیں جو ایک دوسرے کے قبلے کو بھی نہیں مانتی ہیں۔ آج وہ فاٹا کے انضمام کے نام پر سستی شہرت حاصل کرنے کی دوڑ میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فاٹا کے انضمام کے نام پر دیئے جانے والے دھرنے میں فاٹا سے تعلق رکھنے والے 50 افراد نہیں تھے۔ سب ان جماعتوں کے کارکن تھے جو فاٹا کے نام پر سیاست کررہی ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمن نے جرأ ت مندانہ موقف اختیار کرتے ہوئے گزشتہ 3سالو ں سے مختلف چھوٹے بڑے جرگوں کے بعد قبائلی مشران کاگرینڈ جرگہ بناکر پوری قومی قیادت کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے قبائلی عوام کے مستقبل کیلئے ایک ایسا جامع نظام وضع کیا تھا جس پر پاکستان کی پوری قومی قیادت کے دستخط موجود ہیں۔ آج جو جماعتیں جس حکم کو قبائلی عوام پر مسلط کر نے کی تحریک چلا رہی ہیں۔ یہ اس قومی موقف کی کھلم کھلا خلاف ورزی اور قبائلی عوام کے حقوق پر شب خون مارنے کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے قبائلی عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے فاٹا قبائل یوتھ کانفرنس میں فاٹا کے مستقبل کیلئے جامع حکمت عملی وضع کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کی ایک طویل تاریخ ہے، فاٹا کے عوام نے ہمیشہ ملکی مفاد کوہر چیز پر مقدم رکھا ہے، قبائلی عوام کی قربانیوں کی مثال نہیں ملتی۔ آج سیاسی یتیم امریکی مفادات کے تحفظ اور اپنے حق الخدمت کی وصولی کیلئے فاٹا کے انضمام کے میٹھے مگر قبائلی عوام کے مستقبل کے حوالے سے زہریلے انجکشن لگا کر امریکی آشیر باد حاصل کررہے ہیں۔ قاری محمد عثمان نے کہا کہ کراچی مسائلستان بن کر رہ گیا ہے ۔کراچی جومنی پاکستان ہے میں ایک بار پھر بدامنی لوٹ مار قتل و غارت گری نے عوام خوف ہراس میں مبتلا کردیا ہے جبکہ سر عام ڈاکوؤں نے منظم طریقے سے اپنی تحریک کا آغاز کردیا ہے۔