یونین کونسل نمبر 20،ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے راولپنڈی کا چہرہ

 
0
458

راولپنڈی،اکتوبر16(ٹی این ای):  یونین کونسل نمبر 20 راولپنڈی شہر کی سب سے بڑی یونین کونسل ہے۔ ترقیاتی کاموں کے اعتبار سے اس علاقے کو راولپنڈی شہر کا چہرہ قرار دیا جا سکتا ہے۔ علاقہ کا دورہ کرنے والی ٹی این ایس کی ٹیم نے مشاہدہ کیا ہے کہ نہ صرف ترقیاتی کام بلکہ وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کا پڑھا لکھا پنجاب کا خواب بھی یہاں پورا ہوتا دکھائی دیتا ہے۔اس علاقے کے سرکاری سکول ملک کےنامور نجی تعلیمی اداروں سے کسی طور کم نہیں ہیں، ان سکولوں میں طلباءکیلئے جدید سائنس اور آئی ٹی لیبز کا قیام تعلیمی نظام میں جدت لانے کے خادم اعلی پنجاب کے وعدوں کی ترجمانی کرتا ہے۔

گورنمنٹ ایم سی سکول فار گرلز کی پرنسپل کا کہنا ہے کہ صوبہ کی موجودہ حکومت نے تعلیمی نظام میں صحیح معنوں میں انقلاب برپا کیا ہے۔گزشتہ 36 برس سے بطور مدرس ڈیوٹی سرانجام دینے والے مختار احمدبھی اِس تبدیلی کے معترف ہیں، کہتے ہیں کہ تعلیمی نظام میں بہتری کا سہرا وزیر اعلیٰ پنجاب کو جاتا ہے جنہوں نے اصلاحات کے ساتھ ساتھ سکولوں میں گنجائش بھی بڑھادی ہے۔وہ کہتے ہیں کہ اچھے، کھلے ماحول اور تعلیمی معیار کی بلندی کے سبب اب پرائیویٹ اداروں سے بھی طلباءیہاں داخلے لینے آتے ہیں۔

آبادی اور رقبے کے لحاظ سے شہر کی سب سے بڑی یونین کونسل کی واحد لیڈی کونسلر نورین گیلانی کی کارکردگی بھی مثالی ہے جنہوں نے نہ صرف تعلیمی اداروں پر توجہ دی بلکہ خواتین کیلئے خصوصی پروگرام بھی ترتیب دئے۔راولپنڈی شہر کے قدیم علاقوں پر مشتمل یہ شہر کی واحد یونین کونسل ہے جہاں خواتین کیلئے علیحدہ پارکس بنائے گئے ہیں اس پہ مستزاد یہ کہ خواتین کیلئے جم بھی موجود ہے۔

نوجوانوں کی غیر نصابی سرگرمیوں کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف نے اس یونین کونسل میں نہ صرف کرکٹ کیلئے میدان بنائے بلکہ پاکستان کے قومی کھیل ہاکی کو فروغ دینے کیلئے جدید ترین ہاکی سٹیڈیم بھی بنوایا جہاں آسٹروٹرف بھی بچھائی جا رہی ہے۔اس یونین کونسل کے چیئرمین اور منتخب ہوئے دیگر بلدیاتی نمائندوں کا کہنا ہے کہ میاں شہباز شریف انقلابی رہنما ہیں جن کی قیادت میں یہ سب کچھ ممکن ہواہے۔اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی اور بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کی بروقت فراہمی سے تمام منصوبے مکمل ہو رہے ہیں۔کھیلوں کے میدان ہوں یا تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے اقدامات وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی کارکردگی ہر جگہ نظر آتی ہے ۔