انصاف کا تماشہ نہ بنائیں ٗکوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں ٗمریم نواز

 
0
356

اسلام آباد اکتوبر 19(ٹی این ایس)پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ انصاف کا تماشہ نہ بنائیں اگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنا دیں۔ جمعرات کو اسلام آباد کی احتساب عدالت نے نیب کی جانب سے دائر لندن فلیٹس ریفرنس پر میاں نوازشریف، مریم نواز اور ان کے شوہر محمد صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مریم نواز نے کہا کہ ایک فیملی کے ٹرائل اور انصاف کا تماشہ نہ بنایا جائے ٗاگر کوئی ملی بھگت ہے تو سزا سنادیں ٗ ہم آئین، قانون اور عدالتوں کے احترام میں یہاں آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ بڑے بڑے ڈبوں والے ثبوت کہاں چلے گئے ٗیہ اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے جس میں فیصلہ پہلے ہوگیا اور مقدمہ بعد میں چل رہا ہے، ہم کھلے دل، صبر اور حوصلے کے ساتھ ٹرائل کا سامنا کررہے ہیں لیکن جن لوگوں نے احتساب کو انتقام بنایا تو ایک دن احتساب کا بھی احتساب ہوگا۔مریم نواز نے کہا کہ پارٹی میں پالیسی اب بھی نوازشریف کی چل رہی ہے ٗپارٹی متحد ہے اور پارٹی کو توڑنے والے خود ٹوٹ رہے ہیں۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ خاندان میں کوئی اختلاف نہیں البتہ اختلاف رائے ضرور ہوسکتا ہے، جو لوگ سمجھتے ہیں کہ نوازشریف کو سیاسی میدان میں شکت نہیں دے سکتے تو وہ کبھی امپائر کی انگلی کے پیچھے چھپتے ہیں اور کبھی خاندانی اختلاف کے لیکن وہ ناکام ہی رہیں گے۔قبل ازیں غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ سیسیلین مافیا‘ عدالتوں میں پیش ہورہے ہیں۔مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اسی ہفتے کے آخر یا آئندہ ہفتے واپس آجائیں گے ٗوالدہ کی کیمو تھراپی ہورہی ہے اور صحت میں بہتری آرہی ہے تاہم ان کی مکمل ریکوری میں 6 ماہ لگ جائیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ ہم بھاگنے والوں میں سے نہیں، قانون اور عدالتوں کے احترام میں بیمار والدہ کو لندن چھوڑ کر واپس آئی ہوں۔