آلودگی سے لڑتی ہوئی دس سالہ زعمل عمرپاکستان کی پہچان بن گئی

 
0
869

سرگودھا ،اکتو بر25(ٹی این ایس):آلودگی کے خلاف جد و جہد کرتی دس سالہ زعمل عمر متعدد قومی اور بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کی پہچان بن چکی ہے ۔تفصیلات کے مطابق آج آلودگی پاکستان سمیت دنیا بھر کے تمام ممالک کے لیے درد سر بن چکی ہے ، ہر سال آلودگی کے سبب لاکھوں لوگ موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں مگر بہت ہی کم لوگ ایسے ہوتے ہیں جو اس بڑھتے ہوئے مسئلے کے خلاف اٹھ کھڑے ہوتے ہیں اور ایسی مجاہدانہ سوچ رکھنے والوں میں سے ہی ایک ہے پاکستان کے شہر سرگودھا سے تعلق رکھنے والی دس سالہ زعمل عمر ۔

دس سالہ زعمل عمر آج مختلف فورمز پر پاکستان کی پہچان بن چکی ہے ۔پاکستان میں آلودگی کے حالات یہ ہیں کہ صرف سرگودھا جیسے شہر میں ہی 20ملین ٹن سالنہ فضلہ پیدا ہوتا ہے جن میں سے آدھا حکومتی ادارے اکٹھا کر لیتے ہیں جبکہ آدھا شہر کی آب و ہوا کا حصہ بن جاتا ہے ۔اتنی بڑی مقدار میں پیدا ہونے والا فضلہ ہر سال 2.4فیصد کی شرح سے بڑھ رہا ہے ۔ایسے میں زعمل عمر نے زی بیگ تیار کر کے آلودگی سے لڑنے اور اسکے خلاف آگاہی پھیلانے کابیڑہ اٹھایا ۔

زعمل عمر پرانے اخبارات کو اکٹھا کر کے ان سے خوبصورت بیگ تیار کرتی ہے اور بعد میں انکو بیچ دیتی ہے ۔اس سے حاصل ہونے والے منافع کو وہ مختلف فلاحی تنظیموں کو عطیہ کر دیتی ہے۔زعمل عمر کو اس کے گھر والوں کی حمایت حاصل ہے ۔زعمل عمر کی خدمات کو امریکا اور سعودی عرب سمیت مختلف فورمز پر سراہا جا چکا ہے ۔