عمران خان گالیاں دے کر معافی مانگنے کی علامت بن چکے ہیں ‘ پیپلز پارٹی

 
0
348

لاہور اکتوبر 26(ٹی این ایس) پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا ہے کہ عمران خان گالیاں دے کر معافی مانگنے کی علامت بن چکے ہیں ،یوٹرن خان،جاہل خان اور گالم گلوچ خان کے بعد اب عمران خان نے معافی خان کا خطاب بھی اپنے نام کر لیا۔پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چوہدری منظور نے نے عمران خان کی الیکشن کمیشن سے معافی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معافی تو کیا جیل جانے کا ڈر عمران خان سے کچھ بھی کروا سکتا ہے،کہاں گیا وہ طرم خان جو کہتا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کی کارروائی کا اختیار نہیں۔عمران خان پہلے بھی افتخار چودھری کو گالیاں نکال کر معافی مانگ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکن سوچیں کہ وہ ایسے شخص کے پیچھے چل رہے ہیں جو سوچے سمجھے بنا ہر کسی کو گالی دے دیتا ہے ، عمران خان نے ایک بار پھر تحریک انصاف کے کارکنوں کے سر شرم سے جھکا دئے ہیں۔