لاہور ،اکتو بر26(ٹی این ایس): پاکستانی پاسپورٹ ایک بار پھر دنیا کا دوسرا کمزور ترین پاسپورٹ قرار دیا گیا ہے۔ آرٹن کیپیٹل کی جانب سے گلوبل پاسپورٹ پاور رینک 2017 کی نئی فہرست میں پاسپورٹس کی طاقت کا معیار بغیر ویزہ ممالک میں اجازت کو قرار دیا جاتا ہے۔فہرست کے مطابق پہلی بار کوئی ایشیائی ملک طاقتور ترین پاسپورٹ کا حامل قرار پایا ہے اور یہ ملک سنگاپور ہے جس کو رکھنے والے 159 ممالک میں بغیر ویزے کے جاسکتے ہیں جس کے بعد دوسرا نمبر گزشتہ دو برسوں سے سرفہرست رہنے والے ملک جرمنی کا ہے، جس کے شہریوں کو 158 ممالک میں ویزے کی ضرورت نہیں۔
یورپی ملک سوئیڈن جبکہ ایشیائی ممالک جنوبی کوریا مشترکہ طور پر تیسرے نمبر پر رہے، جن کے شہریوں کے لیے 157 ممالک ویزہ فری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت موجود ہے۔چوتھے نمبر پر ڈنمارک، فن لینڈ، اٹلی ، فرانس، اسپین، ناروے، جاپان اور برطانیہ رہے، جن کے شہریوں کو یہ چھوٹ 156 ممالک میں حاصل ہے۔فن لینڈ، فرانس، اٹلی، اسپین اور برطانیہ کے پاسپورٹس رکھنے والے 175 ممالک میں بغیر ویزہ کے جاسکتے ہیں جبکہ بیلجیئم، ڈنمارک، نیدرلینڈز اور امریکی شہریوں کو یہ چھوٹ 174 ممالک میں ملتی ہے۔
پانچویں پر 155 ممالک کے ساتھ لگسمبرگ، سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈ، بیلجیئم اور پرتگال پر رہے۔بھارت اس فہرست میں 75 ویں نمبر پر ہے جس کا پاسپورٹ رکھنے والے 51 ممالک میں ویزہ فری انٹری یا ویزہ آن ارائیول کی سہولت سے مستفید ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب دنیا کے کمزور ترین پاسپورٹس کی بات کی جائے تو افغانستان سرفہرست ہے جس کے پاسپورٹ ہولڈر 22 ممالک میں ویزہ فری انٹری کے حقدار ہیں۔
پاکستانی پاسپورٹ پر یہ سہولت صرف 26 ممالک کے لیے ہے اور اس طرح وہ دوسرا کمزور ترین پاسپورٹ قرار پایا، گزشتہ سال پاکستانی شہریوں کو 29 ممالک میں ویزہ فری انٹری، ویزہ آن ارائیول یا ای ویزہ کی سہولت حاصل تھی مگر اب اس میں کمی آئی ہے۔عراقی شہریوں کو بھی 26 ممالک میں یہ چھوٹ حاصل کرسکتے ہیں اور وہ پاکستان کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہے۔
حیران کن طور پر خانہ جنگی سے متاثرہ ملک شام اس فہرست میں پاکستان سے اوپر ہے اور وہاں کے شہریوں کو 29 ممالک یہ سہولت ملتی ہے۔صومالیہ 34 ممالک کے ساتھ چوتھے، یمن اور بنگلہ دیش 35 ممالک کے ساتھ پانچویں، سری لنکا، نیپال، ایران اور سوڈان 36 ممالک کے ساتھ چھٹے، لبنان 37 ممالک کے ساتھ ساتویں، لیبیا اور شمالی کوریا 38 ممالک کے ساتھ 8 ویں، فلسطین، اریٹیریا اور ایتھوپیا 39 ممالک کے ساتھ 9 ویں جبکہ جنوبی سوڈان 40 ممالک کے ساتھ 10 ویں نمبر پر ہے۔
فہرست کے مطابق پاکستانی پاسپورٹ پر آپ 29 ممالک میں ویزہ لگوائے بغیر جا سکتے ہیں مگر یہاں بھی کچھ مخصوص شرائط ہیں جیسے ان 29 میں سے کچھ ممالک میں آپ کو وہاں پہنچنے پر ویزہ لینا پڑتا ہے، کچھ میں ای ویزہ لینا پڑتا ہے جبکہ کچھ میں ضرورت نہیں ہوتی۔ان ممالک میں مغربی افریقی ملک کیپ ورڈی ‘کمروز آئیوری کوسٹ ‘جبوتی ‘گنی بساء ‘کینیا ، مڈغاسکر ‘مالدیپ ‘موریطانیہ ‘موزمبیق‘نیپال ‘جمہوریہ پلائ‘قطر‘سامووا ‘سیچیلیس ‘تنزانیہ‘ٹوگو ‘مشرقی تمور‘تووالو اور یوگنڈا میں پاکستانیوں کو آمد پر ویزا جاری کیا جاتا ہے-ڈومینیکا‘ہیٹی ‘مائیکرونیشیا ‘سینٹ وینسینت و گرینا ڈائنز‘ٹرینیڈا ڈو ٹوباگو اوروانواتو ان ممالک میں شامل ہیں جن کے لیے پاکستانی شہریوں کو ویزے کی ضرورت نہیں اور وہ بغیرویزہ کے ان ممالک میں ایک ماہ سے تین ماہ تک قیام کرسکتے ہیں-