لاہور ٗیو ایچ ایس کے زیر اہتمام سرکاری و نجی میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے (کل) دوبارہ انٹر ی ٹیسٹ ہوگا

 
0
360

لاہوراکتوبر 28(ٹی این ایس)یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل اورڈینٹل کالجز میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ  (کل) اتوار بیک وقت 13شہروں میں قائم28مراکز پر ہوگا،20اگست کو لئے جانے والے انٹر ی ٹیسٹ کا پیپر آؤٹ ہونے پر لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے امتحان کو کالعدم قرار دیدیا گیا تھا ۔ یو ایچ ایس کے اعلامیے کے مطابق 20اگست کو انٹر ی ٹیسٹ دینے والے طلبہ و طالبات ہی دوبارہ ٹیسٹ میں شرکت کے اہل ہوں گے۔

پنجاب بھر سے مجموعی طور پر 65155 امیدواروں نے20اگست کو ہونے والے ٹیسٹ میں شرکت کی تھی جن میں 41563 طالبات جبکہ 23592طلبہ شامل تھے۔انٹری ٹیسٹ کے موقع پر تمام امتحانی مراکز میں دفعہ144نافذ ہو گی ۔ مزید برآں کلوز سرکٹ کیمرے، موبائل فون جامرز اور سکیورٹی واک تھرو گیٹ بھی نصب ہوں گے ۔ لاہور کے آٹھ امتحانی مراکز میں مجموعی طور پر19278امیدوارجن میں سے 12573طالبات اور 6705طلبہ شامل ہیں ٹیسٹ دیں گے، فیصل آباد سے 6643، ساہیوال سے 3553، ملتان سے9969، بہاولپور سے3221، رحیم یار خان سے1997، سرگودھا سے2689، راولپنڈی سے 7612، حسن ابدال سے685، گجرات سے1570 گوجرانوالہ سے 3382 سیالکوٹ سے2060جبکہ ڈی جی خان سے 2496 امیدوارٹیسٹ میں شرکت کریں گے ۔

تمام سینٹرز پر امتحان کے دوران بجلی کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے جنریٹرز کا انتظام کیا گیاہے جبکہ حادثات یا طبیعت کی خرابی کی صورت میں محکمہ صحت کا عملہ اور ایمبولینس کی سہولت بھی دستیاب ہو گی ۔یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جو طلباء و طالبات 20اگست کو انٹری ٹیسٹ میں شرکت کرچکے ہیں وہ اپنے پرانے رول نمبرز کے ساتھ انہی سنٹرز سے ٹیسٹ میں بیٹھ سکیں گے جہاں انہوں نے پہلے ٹیسٹ دیا تھا۔ و زیر اعلی پنجاب کی ہدایت پر صوبائی سیکرٹریز ، بورڈ آف ریونیو کے ممبرز، ڈویژنل کمشنرز، اور ڈپٹی کمشنرز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کا کام سرانجام دیں گے ۔یو ایچ ایس کے وائس چانسلر پروفیسر فیصل مسعود نے کہا ہے کہ امتحانی سنٹرز صبح سات بجے سے سوا سات کے درمیان کھل جائیں گے طلبہ کسی بھی پریشانی سے بچنے کے لئے قبل از وقت امتحانی سنٹر پہنچ جائیں۔ امتحانی سنٹرزسوا آٹھ بجے قطعی طور پر سیل کر دئیے جائیں گے او راس کے بعد کسی بھی شخص کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ طلبہ صرف چار چیزیں ساتھ لاسکتے ہیں جن میں کلپ بورڈ، نیلا بال پوائنٹ، اصل شناختی کارڈ یا اس کے عوض ’’’ب ‘‘فارم اور ایڈ میٹڈ کارڈ شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کے اہلکار بھی موبائل فون استعمال نہیں کرسکیں گے۔امتحانی مراکز کے گرد چار درجاتی سکیورٹی حصار ہوگا۔ انٹری ٹیسٹ پیپرز کوریئرکمپنی کے ذریعے پنجاب میں بھجوائے جائیں گے۔کسی امیدوار کو فون یا ڈیجیٹل ڈیوائس لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ چیئرمین بورڈ ایڈمیشن کے اعلامیے کے مطابق امیدواران امتحانی مراکز میں اپنے ساتھ کلب پورڈ یا گتہ لے کر آئیں تاہم ٹیسٹ کے بعد انہیں اپنا کلپ بورڈ یا گتہ امتحانی مرکز میں ہی چھوڑنا ہوگا۔ امیدوار اپنے ساتھ اپنے ایڈ مینٹیس کارڈ کا نیا پرنٹ آؤٹ لے کر آئیں ، انہیں یہ ایڈ مینیٹس کارڈ امتحانی ہال کے اندر لے جانے کی اجازت ہو گی تاکہ رسپانس فارم اور سوالیہ پرچے پر رول نمبر کے اندراج میں غلطی کا احتمال نہ رہے ، یہ ایڈ مینٹس کارڈ ٹیسٹ شروع ہونے کے بعد امیدوار سے واپس لے لیا جائے گا ۔ امیدواروں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ امتحانی ہال کے اندر موبائل فون ، کیلکولیٹر ، کتب ، نوٹس ،ہتھیار، بیگ /پرس،الیکٹرانک آلات جیسے کیمرہ ، ریکارڈ، گھڑی ، ہیڈ فون ، بلیو ٹوتھ،وائی فائی ڈیوائس اور دھاتی قلم وغیرہ ہرگزہمراہ نہ لائیں اور خلاف ورزی کی صورت میں امیدوار کو امتحانی ہال سے نکال کر اس کا ٹیسٹ منسوخ کر دیا جائے گا ۔