آشیانہ ہائوسنگ ، رمضان شوگر ملز کیس،شہبازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

 
0
317

لاہور اپریل 29 (ٹی این ایس): احتساب عدالت لاہور نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کر لی ،ْ احتساب عدالت کے جج وسیم اختر نے کیس کی سماعت کی ،ْ پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز عدالت کے روبرو پیش ہوئے جبکہ شہبازشریف بیرون ملک ہونے کے باعث پیش نہ ہو سکے ،ْ شہبازشریف کے وکیل نے ان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی اور عدالت کو بتایا کہ شہبازشریف علاج کیلئے بیرون ملک گئے ہیں۔
نیب پراسیکیوٹر کی جانب سے شہبازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر کوئی اعتراض نہیں لگایا گیا ،ْ عدالت نے سوموار کے روز آشیانہ اقبال کیس میں گواہان کو بیانات قلمبند کرانے کیلئے طلب کیا تھا ،ْ عدالت نے آشیانہ اقبال ہائوسنگ سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی سماعت 11 مئی تک ملتوی کر دی۔