پاکستان نے سری لنکاکو تیسرا ٹی20 ہراکر میچ اور سیریز جیت لی

 
0
323

 

لاہو ر،29(ٹی این ایس):پاکستان کرکٹ ٹیم نے سری لنکاکو تیسرے ٹی20 میچ میں36رنز سے ہراکرتین میچز کی سیریز جیت لی.،پاکستان کے شعیب ملک کو51رنز کی عمدہ اننگ کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ پاکستانی اسکواڈ میں آج دو تبدیلیاں کی گئی تھیں فاسٹ بولر عثمان شنواری کی جگہ محمد عامر اور احمد شہزاد کی جگہ عمر امین کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ۔ آٹھ سال اور سات ماہ کے صبر آزما انتظار کے بعدسری لنکا کی کرکٹ ٹیم لاہور میں ایکشن میں نظر آئی ،اسٹیڈیم کرکٹ شائقین سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھااس موقع پر لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں سیکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔ لاہور پولیس کے ڈی آئی جی آپریشنز حیدر اشرف کا کہنا تھا کہ قذافی اسٹیڈیم کے اطراف عمارتوں پر اسنائپرز تعینات کیے گئے تھے

جب کہ میچ کو سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے اطراف کی صورت حال سے مانیٹر کیا جا تا رہا۔ مہمان ٹیم کے کپتان تھسارا پریرا نے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے میزبا ن ٹیم کے کپتان سرفرازاحمد کو بیٹنگ کی دعوت دی،پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 180 رنز بنائے اور سری لنکا کو میچ میں فتح کیلئے 181رنز کا ہدف دیا ، جس میں شعیب ملک51، عمر امین45،بابر اعظم 34 اورفخر زمان31رنز شامل تھے۔ ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم20اوورز میں9 وکٹوں کے نقصان پر144رنز تک محدود رہی اورمیچ میں36رنز سے شکست کھا گئی۔مہمان ٹیم کےدشون شناکا نے پاکستانی بولرز کے خلاف اچھی مزاحمت کی اور عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تاہم وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہ دلاسکے اور 54رنز بناکر فہیم اشرف کی گیند پر عماد وسیم کو کیچ دے بیٹھے،ان کی اننگ میں5چوکے اور3چھکے شامل تھے۔ دشون شناکا کے علاوہ سری لنکا کے دنوش گناتھلاکا9،مہیلا ادوتے1`1اورڈی سلوا21رنز بنا کر دیگر قابل ذکر بیٹسمین رہے ۔

پاکستان کی جانب سے محمد عامر 4،فہیم اشرف نے2جبکہ عماد وسیم، محمد حفیظ اورحسن علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ اس سے قبل میچ کے آغاز پر دونوں ٹیموں کے قومی ترانے پڑھے گئے جس پر تماشائیوں نے کھڑے ہو کر ترانوں کا جواب دیا۔ اسٹیڈیم آنے والے تماشائیوں کو مختص پارکنگ مقامات سے گراؤنڈ تک لانے کے لئے شٹل سروس کا انتظام کیا تھا ،اسی طرح میچ کے بعد بھی واپسی پر شٹل سروس کے ذریعے تماشائیوں کو مقررہ پارکنگ کے مقامات تک پہنچایاگیا۔