انڈر۔19ٹیم کو ایشیا ء کپ کو بھول کر اوراپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا‘ شعیب ملک

 
0
369

لاہور دسمبر 19(ٹی این ایس)قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ انڈر۔19ٹیم کے کھلاڑیوں کو ایشیا ء کپ کو بھول کر اور اپنی غلطیوں سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہو گا، جونیئر ورلڈ کپ کی تیاری کے لئے ٹریننگ کا ٹیم کو بہت فائدہ ہو گا،ٹی ٹین لیگ بالرز کیلئے مشکل ہے اور انہیں مختلف حربے استعمال کرنے آئیں گے۔ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں قومی انڈر19ٹیم کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا نوجوان کھلاڑیوں کو مشورہ ہے کہ میدان میں کرکٹ پربھرپورتوجہ مرکوزرکھیں، ڈسپلن کا مظاہرہ کریں تو ہر شعبے میں کامیابی ملتی ہے،

انہوں نے کہا کہ پی سی بی کوچز کی طرف سے نئے ٹیلنٹ کو اچھی ٹریننگ مل رہی ہے، نوعمری میں سیکھنے کا بہترین موقع ہوتا ہے، جونیئرز کو چاہیے کہ وہ سینئرز کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محنت کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ جو ہو جائے اس سے آگے دیکھنا چاہیے اور غلطیوں سے سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مواقع ملتے ہیں تو اس میں اپنی کارکردگی دکھانی چاہیے۔ امید ہے کہ انڈر۔19ٹیم میگا ایونٹ میں اچھا پرفارم کر یگی۔ یہ عمر ایسی ہوتی ہے کہ شرارتیں اچھی لگتی ہیں لیکن اس عمر میں جو سیکھ جاتا ہے وہ اگلے 10سے 15سال قومی ٹیم کی نمائندگی کرتا ہے۔

انہوں نے ٹی ٹین لیگ کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک اچھی شروعات ہے اور اس سے لوگوں کو خوشی ملی ہے۔ ٹی ٹین لیگ میں بس آؤ اور مارنا شروع کر دو اور یہ بالرز کیلئے کافی مشکل ہے۔ بالرز کو رنز دینے سے بچنے کے لئے حربے استعمال کرنے آئیں گے۔ یاد رہے کہ 13 جنوری سے 3 فروری تک شیڈول جونیئر ورلڈ کپ میں شرکت کے لئے قومی انڈر 19 ٹیم 22 دسمبر کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گی۔ راستے میں پہلا پڑا آسٹریلیا میں ہو گا جہاں 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلی جائے گی بعد ازاں 2 میچز میگا ایونٹ کی میزبان کیویز کے ساتھ بھی ہوں گے۔