لندن ،نو مبر02(ٹی این ایس): وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف لندن میں مقیم ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شہباز شریف اور ان کے بڑے بھائی اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خاندانوں کے مابین اختلافات کی خبریں زبان زد عام تھیں لیکن خاندانی ذرائع نے ان تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے ان کو جھوٹا قرار دیا تھا ۔ تاہم وزیر اعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف کی لندن میں ایک خاتون کے ساتھ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے لندن میں نہ تو اپنی بھابھی بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور نہ ہی اپنے بھائی نواز شریف کو پاکستان روانگی کے لیے ائیر پورٹ چھوڑنے آئے۔ شہباز شریف نواز شریف کی روانگی کے وقت ایک ہوٹل میں خاتون کے ساتھ موجود تھے جہاں وہ قریباً دو گھنٹے ساتھ رہے۔ میڈیا ذرائع نے بتایا کہ شہباز شریف جس خاتون کے ساتھ لندن کے ہوٹل میں موجود تھے اس کی شناخت سے متعلق کچھ معلوم نہیں کیا جا سکا۔ البتہ بھائی کی روانگی کے عین وقت پر شہباز شریف کا ائیر پورٹ پر نہ ہونا اور بھابھی کی عیادت کرنے کی بجائے خاتون کے ساتھ ہوٹل میں بیٹھے رہنا شریف خاندان کے مابین پڑی دراڑ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔