منی لانڈرنگ کیس،فاروق ستار اورمصطفی کمال سمیت بڑے ناموں کا انکشاف

 
0
347

کراچی نومبر 2(ٹی این ایس)منی لانڈرنگ اور کراچی میں دہشتگردی کیلئے بھارتی فنڈنگ کے مقدمے میں مزید انکشافات سامنے آئے ہیں۔ بینک اکاؤنٹس کی مجازاتھارٹی میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفی کمال سمیت اعلی قیادت کے ناموں کا انکشاف ہوا ہے۔تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں 13 جوائنٹ بینک اکاؤنٹس کی مجازاتھارٹی میں بڑے نام سامنے آئے ہیں، انسداد دہشت گردی عدالت میں رپورٹ پیش کردی گئی ہے۔

تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق منی لانڈرنگ کیلئے13جوائنٹ بینک اکاؤنٹس استعمال ہوئے جو عزیز آباد کے نجی بینکوں کی مختلف برانچوں میں کھولے گئے تھے، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار، پی ایس پی چیئرمین مصطفی کمال، ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرا سمیت اعلی قیادت کے نام شامل ہیں۔یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ مذکورہ اکاؤنٹس ایم کیوایم، کے کے ایف، سن اکیڈمی کے نام پرکھولے گئے، اس کے علاوہ نذیرحسین یونیورسٹی اور طارق میر کے نام پربھی اکاؤنٹ ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 13 میں سے ایک اکاؤنٹ ختم اور 4غیر فعال ہیں، ان بینک اکاؤنٹس میں فاروق ستار،مصطفی کمال، ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرا دستخط کرنے کے مجاز رہے جبکہ بابرغوری، رؤف صدیقی، خالد مقبول صدیقی کے نام بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔تفتیشی ذرائع کے مطابق بڑے ناموں کے سامنے آنے پر تفتیش کادائرہ بھی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ تفتیشی ذرائع نے بتایاکہ ڈپٹی میئر ارشد وہرا کا نام مقدمے سے نکالنے کا تاثرغلط ہے۔