اب ہدف 2019 ورلڈ کپ جیتنا ہے ٗسرفرازاحمد

 
0
396

کراچی نومبر 3 (ٹی این ایس)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے چیمپئنز ٹرافی میں کامیابی کے بعد اپنی نظریں 2019 کے عالمی کپ پر جما لی ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق سرفراز احمد نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میں نمبر ایک عالمی رینکنگ حاصل کرنے کا کریڈٹ پوری ٹیم کو جاتا ہے۔پاکستانی کپتان نے کہا کہ آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی جیت کے بعد اب پاکستانی ٹیم کا ہدف 2019 میں انگلینڈ میں 50 اوورز کا ورلڈ کپ جیتنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیم انتظامیہ نے کھلاڑیوں کا ایک پول تیار کیا ہے جن کا اعتماد بڑھا رہے ہیں اور مستقل مزاجی سے سلیکشن کرکے ایک مضبوط اور متوازن ٹیم تیار کرر ہے ہیں۔سرفراز احمد کے مطابق جس محنت سے ٹیم نے یہ مقام حاصل کیا ہے اسے برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ مستقل مزاجی سے کھلاڑیوں کو موقع دے رہے ہیں۔گذشتہ ایک سال کے دوران اس فارمیٹ میں 13,14کھلاڑیوں کو مسلسل موقع دیا ہے۔

شکرہے کہ کھلاڑی جس طرح محنت کررہے ہیں انہیں اس کی محنت کا صلہ ملا ہے۔اس اعزاز کا کریڈٹ کھلاڑیوں کے بعد کوچنگ اسٹاف اور پاکستان کرکٹ بورڈ کو بھی جاتاہے۔سرفراز احمد نے کہا کہ نمبر ون بننے کے حوالے سے بعض سابق کھلاڑی اور ماہرین جو غیر ضروری بحث کررہے ہیں، وہ اس میں الجھنا نہیں چاہتے۔انہوں نے کہا کہ جب میں نے کپتانی سنبھالی ہے لڑکوں نے فیلڈنگ اور بیٹنگ کے شعبے میں بہت محنت کی ہے۔ بلاشبہ اس وقت ہماری بولنگ لائن دنیا کی مضبوط ترین بیٹنگ لائن اپ ہے۔سرفراز نے مزید کہا کہ مجھے امید ہے کہ اگر ہم اسی طرح کھیلتے رہے اور کھلاڑیوں کو کوئی انجری نہ ہوئی تو پاکستان ورلڈ کپ تک فیورٹ ٹیموں میں شامل ہوجائے گی۔ہماری تمام تر تیاری ون ڈے میں ورلڈ کپ جیتنا ہے۔