سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارنے ڈان لیکس ایشومیں مریم نوازکوکلین چٹ دے دی

 
0
326

ٹیکسلا نومبر 4(ٹی این ایس): سابق وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان نے ڈان لیکس ایشومیں مریم نوازکوکلین چٹ دے دی۔انہوں نے کہاکہ نیوزلیکس معاملے میں کسی بھی مرحلے میں مریم نوازکا نام نہیں آیا، ڈان لیکس ایشوکی رپورٹ کوپبلک ہوناچاہیے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق انہوں نے آج یہاں میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کواندرونی و بیرونی خطرات لاحق ہیں۔ہمیں حوصلے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن باقاعدہ شیڈول اور حکمت عملی کے تحت انتخابی میدان میں اترے گی۔ن لیگ نے ابھی تک انتخابات کی تیاری شروع نہیں کی۔ وہ آئندہ الیکشن آزاد میڈیا کے نعرے کے ساتھ لڑیں گے۔ چوہدری نثارنے ایک سوال پرکہاکہ نیوزلیکس معاملے میں کسی بھی مرحلے میں مریم نوازکا نام نہیں آیا۔بطوروزیرداخلہ بھی کہاتھا کہ ڈان لیکس ایشوکی رپورٹ کوپبلک کیاجائے۔

انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے بعدآئینی ترمیم لانا تمام جماعتوں کی ذمہ داری ہے کیونکہ یہ کسی جماعت کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔جلد آئینی ترمیم آنی چاہیے تا کہ نئی حلقہ بندیاں کی جا سکیں ۔سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ آرمی چیف نے فوجی عدالتوں کے حوالے سے وزیر اعظم کو کوئی خط نہیں لکھا۔ایسی خبریں ضرور آئی ہیں لیکن ضروری نہیں کہ سامنے آنے والی ہر خبرسچی ہو۔ میری پارٹی چھوڑنے سے متعلق بھی خبریں دی گئ تھیں۔ ہرکوئی چوکا چھکا مارنے پرلگا ہوا ہے۔ انکا کہنا تھا کہ ضروری نہیں کہ حکومت میں نہیں تو حکومت پر تنقید کروں۔ جس جماعت کی حکومت ہے میں اس کا حصہ ہوں اور رہوں گا ۔کس وزیر کی کارکردگی کیسی رہی اس پر بات کرنا مناسب نہیں ہے ۔