یمن کی سرحد کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، جس پر سوار ایک سعودی شہزادے سمیت دیگر کئی اعلیٰ عہدیدار ہلاک

 
0
391

ریاض,نومبر06(ٹی این ایس):سعودی عرب میں یمن کی سرحد کے قریب ایک ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا ہے جس پر سوار ایک سعودی شہزادے سمیت دیگر کئی اعلیٰ عہدیدار ہلاک ہو گئے ہیں۔زرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے شہزادے منصور بن مقرن ہیں جو کہ سعودی عرب کے سابق ولی عہد مقرن ال سعود کے بیٹے اور صوبے عسیر کے نائب گورنر تھے۔تاحال ہیلی کاپٹر کے گرنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

خیال رہے کہ سعودی عرب یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف جاری جنگ میں بین الاقوامی اتحاد کی قیادت کر رہا ہے۔گذشتہ روز سعودی عرب کی فوج نے یمن کی جانب سے ریاض کی طرف ایک میزائل حملے کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا تھا۔یمن میں حوثی باغیوں سے منسلک ٹی وی چینل کا کہنا تھا کہ میزائل ایئر پورٹ کی جانب داغا گیا تھا۔سرکاری نشریاتی ادارے نے شہزادہ منصور بن مقرن کی ہلاکت کی خبر نشر کی۔ تاہم تاحال ہیلی کاپٹر پر سوار دیگر افراد کے بارے میں کچھ نہیں کہا گیا ہے۔