گولہ باری کے بعد شام میں داعش اور اسد رجیم کے ٹھکانوں پر اسرائیلی بمباری

 
0
460

شام میں داعش کے ایک راکٹ لانچنگ پیڈ کو نشانہ بنایا گیا ، اسد رجیم کے ایک کمپاؤنڈ پر بھی بمباری 
تل ابیب27جولائی(ٹی این ایس)اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ بْدھ کو شام کی طرف سے داغے گئے دو گولے اسرائیل کے اندر گر کر پھٹے جس کے جس کے بعد فوج نے شام میں داعش اور اسدی فوج کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر گولہ باری کے بعد جوابی کارروائی میں شام کے اندر بمباری کی۔ اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے شام کے اندر توپ خانے سے بھی گولہ باری کی ہے تاہم اس کی مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

اسرائیلی جنگی طیاروں نے شام میں دہشت گرد تنظیم داعش کے ایک مرکز کو بھی نشانہ بنایا۔ادھر ایک مقامی ٹی وی کے مطابق شام میں داعش کے ایک راکٹ لانچنگ پیڈ کو نشانہ بنایا گیا جب کہ اسد رجیم کے ایک کمپاؤنڈ پر بھی بمباری کی گئی ہے۔شام کے سویداء شہر میں متعدد مقامات پر داعش کے دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ شام کے دیگر علاقوں سے داعش کا صفایا کردیا گیا ہے مگر سویداء شہراوراس کے دارالحکومت پر ’داعش‘ کا قبضہ بدستور موجود ہے۔ دہشت گردوں کے بم دھماکوں اور خود کش حملوں میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 220 تک پہنچ گئی ہے۔