پاک ایران گیس پائپ لائن معاہدہ، گیس کی خرید و فروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے مذاکرات پر اتفاق

 
0
462

اسلام آباد نومبر 7 (ٹی این ایس) وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران نے گیس پائپ لائن معاہدے کے تحت گیس کی خرید و فروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے مذاکرات پر اتفاق کیا ہے‘ ایران سے گوادر کے لئے 220 کے وی اے کی ایک اور ٹرانسمیشن لائن سے بجلی کے حصول کا معاہدہ کریں گے‘ آرمی چیف کے دورہ ایران سے دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات میں بہتری بہت اہمیت رکھتی ہے اس سلسلے میں پیشرفت سے پورے ملک کو خوش ہونا چاہیے۔

منگل کو ایوان بالا میں وقفہ سوالات کے دوران سینیٹر اعظم سواتی‘ جہانزیب جمالدینی اور سعید الحسن مندوخیل کے سوالات کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایران پہلے بھی 132 کے وی اے کی ٹرانسمیشن لائن کے ذریعے گوادر کے لئے بجلی فراہم کر رہا ہے اب کابینہ کمیٹی برائے توانائی نے ایک اور معاہدے کی منظوری دی ہے جس کے تحت 220 کے وی اے کی ایک اور لائن سے گوادر کو بجلی کی فراہمی میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گوادر میں سی پیک کے منصوبے کے تحت کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا 300 میگاواٹ کا منصوبہ مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے صدر کے دورہ پاکستان کے دوران گیس پائپ لائن معاہدے کے تحت گیس کی خریدو فروخت کے معاہدے میں ترمیم کے لئے گفت و شنید اور دیگر حل طلب مسائل حل کرنے پر اتفاق ہوا تھا۔ پاکستان نے ایران کو گیس کی خرید و فروخت کے معاہدے میں ترمیم کی تجویز دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے دفاعی اور سیکیورٹی تعلقات بہت اہمیت رکھتے ہیں۔ آرمی چیف کے دورہ ایران سے اس حوالے سے اگر کوئی پیشرفت ہوئی ہے تو اس سے پورے ملک کو خوش ہونا چاہیے۔ عالمی پابندیوں کی وجہ سے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے کو مکمل کرنے میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سینڈک پراجیکٹ کی معیاد میں توسیع حکومت بلوچستان کی مشاورت سے کی گئی ہے۔