سموگ سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے جنرل ہسپتال میں خصوصی انتظامات مکمل

 
0
387

لاہور نومبر 7(ٹی این ایس) پرنسپل پوسٹ گریجوئیٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر غیاث النبی طیب نے کہا ہے کہ موسم کی تبدیلی اور سموگ کے باعث بعض امراض میں اضافہ ہو جاتا ہے ،پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں لاہور جنرل ہسپتال میں سموگ سے متاثرہ افراد کے علاج معالجے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں اور شعبہ آؤٹ ڈور میں صبح 8 سے رات 8 بجے تک جبکہ ایمرجنسی میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز و طبی عملہ موجود ہو گا ۔ وہ جنرل ہسپتال میں سموگ سے آگاہی ، بچاؤ اور علاج سے متعلق منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے ۔ پروفیسر خالد وحید ، ہیڈ آف کمیونٹی میڈیسن ڈاکٹر جنید مرزا ،اسسٹنٹ پروفیسر پلمونالوجی ڈاکٹر محمد عرفان ملک اور دیگر طبی ماہرین نے بھی خطاب کیا جبکہ جنرل ہسپتال میڈیکل سپر نٹنڈنٹ ڈاکٹر غلام صابرنے بھی ادارے میں سموگ کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات پر بریفنگ دی۔ پروفیسر غیاث البنی طیب نے کہا کہ حکومت کے علاوہ ہر شہری کو اپنا خصوصی کردار ادا کرنا چاہیے اور اپنی سالگرہ منانے کی طرح ہر سال ایک پودا لگانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پودے لگا کر انہیں بھول نہیں جانا چاہیے کیونکہ یہ درخت ہی فضائی آلودگی سے بچا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس پیغام کو عام کرنے کی ضرورت ہے کہ ہر شہری سموگ سے پریشان ہونے کی بجائے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم منصوبہ بندی کا حصہ بنے ،انہوں نے کہا کہ احتیاطی تدابیر اختیار کر کے سموگ سے پیدا ہونے والی پریشانیوں سے بچا جا سکتا ہے بالخصوص فضاء میں موجود سلفیٹ ، مونو آکسائیڈ و دیگر اجزاء پھیپھڑوں و دل کے نظام کو متاثر کر سکتے ہیں ۔ جس کے لیے مریضوں کو فوراً ہسپتالوں سے رجوع کرنا چاہیے ۔پروفیسر خالد وحید ،ڈاکٹر جنید مرزا اور ڈاکٹر عرفان ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ سموگ دراصل دھند اور دھوئیں کا مرکب ہے اور یہ فضائی آلودگی بالخصوص کوئلے کے بطور ایندھن استعمال سے شروع ہوا ہے ۔انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ روزانہ زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر گھروں سے نہ نکلیں اسی طرح موٹر سائیکل سوار ماسک کا استعمال کریں جبکہ خواتین بھی گھروں کی کھڑکیاں اور دروازے بند رکھیں ۔مقررین نے سموگ پر آگاہی کے لیے جنرل ہسپتال میں اس طرح کے سیمینار کے انعقاد کو سراہا جس میں امیر الدین میڈیکل کالج ، نرسنگ سکول اور الائیڈ سکول کے زیر تربیت ڈاکٹروں اور نرسز نے بڑی تعداد میں شرکت کی جبکہ طبی ماہرین نے سموگ پر میڈیکل نقطہ نظر سے تفصیلی لیکچر دیا اور طلبہ اور طالبات کے سوالوں کے جواب بھی دئیے ۔