لاہورجون 10(ٹی این ایس): الیکشن کی بساط پر پرانے کھلاڑی کی ری انٹری ہوگئی، سابق صدر مملکت اور سپہ سالار پرویز مشرف نے لیہ سے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے۔تفصیلات کے مطابق آل پاکستان مسلم لیگ (اے پی ایم ایل) کے سربراہ اور سابق صدر پرویز مشرف نے پنجاب کے ضلع لیہ سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں۔نجی ٹی وی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی اور چترال سمیت دیگر حلقوں سے الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا ہے البتہ تحریری فیصلہ آنے کے بعد پاکستان واپس آنے کا فیصلہ کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میرا ملک ہے میں جلد واپس آؤں گا، پوچھے گئے سوال پر پرویز مشرف کا کہنا تھا کہ نواز شریف خود سازش اور دھاندلی کرتے ہیں لیکن الزام دوسروں پر لگاتے ہیں۔خیال رہے کہ سابق صدر نے دوہزار تیرہ کے انتخابات میں بھی حصہ لینے کا فیصلہ لیا تھا لیکن انہیں نااہل قراردیدیا گیا تھا اس مرتبہ عدالت نے انکے کاغذات نامزدگی کی منظوری عدالت میں پیشی سے مشروط کردی ہے۔واضح رہے کہ اب کیا پرویز مشرف عدالت میں پیش ہوکر اپنے کاغذات نامزدگی منظور کروانے کی راہ ہموار کریں گے یا پھر اس مرتبہ بھی یہ سینئر کھلاڑی پولین سے ہی میچ دیکھے گا یہ ایک سوالہ نشان ہے۔