9 کلو ہیروئن برآمدگی کیس ، غیر ملکی ملزمہ سے تفتیش کے لیے تین محکمے لڑ پڑے

 
0
525

لاہور ،جنوری15(ٹی این ایس): 9 کلو ہیروئن برآمدگی کیس میں زیر حراست ملزمہ سے تفتیش کے لیے 3 محکمے آپس میں لڑ پڑے ۔ تینوں محکموں کا کہنا ہے کہ ملزمہ سے تفتیش کا حق انہیں ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ائیر پورٹ سے گرفتار ہونے والی چیک ریپبلک کی 21 سالہ خوبرو ماڈل گرل پاکستان کے تین بڑے محکموں کے درمیان تنازعے کا باعث بن گئی۔ اینٹی نارکوٹکس اور اے ایس ایف چاہتے ہیں کہ وہ ماڈل گرل کو اپنی تحویل میں رکھ کر تفتیش کریں جبکہ محکمہ کسٹم چیک ریپبلک ماڈل کو کسی طور پر دوسرے محکمے کے حوالے کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

تینوں محکموں کی جانب سے ائیر پورٹ پر ایک دوسرے سے سخت جملوں کے تبادلے کے بعد اب ایک دوسرے کو خطوط لکھنے کا سلسلی جاری ہے۔ اور مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ خوبرو ماڈل کو ان کے حوالے کیا جائے۔ تینوں محکمہ جات نے اس ضمن میں قانونی کتابوں کا بھی مطالعہ شروع کر دیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ خوبرو ماڈل ٹیریزا کو 15 نومبر 2017ء کو پاکستان کا ویزا جاری کیا گیا، اس کا شمار چیک ریپبلک کی خوبصوورت ترین ماڈلز میں ہوتا ہے۔

پاکستان آنے پر لاہور سے ابوظہبی جانےکے لیے روانہ ہوئی تو ٹیریزا کے بیگ سے 9 کلو ہیروئن برآمد ہوئی، جس کے بعد اب تین محکمے ٹیریزا کو تحویل میں لینے کے لیے کوششیں کرتے نظر آ رہے ہیں یہی نہیں بلکہ ایک محکمے کے اہلکاروں نے تو ٹیریزا کے ساتھ تصاویر بھی لیں۔ ٹیریزا کو جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش بھی کیا گیا جہاں جج نے دلائل سننے کے بعد ملزمہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر منتقل کر دیا۔ کسٹم حکام نے عدالت کو ملزمہ سے ہیروئن کی برآمدگی سے متعلق بتایا جس پر عدالت نے ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا۔