پاکستان نے سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا

 
0
520

نیو یارک نومبر 8(ٹی این ایس)پاکستان نے سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا جبکہ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا کہنا ہے کہ سلامتی کونسل کو مزید جمہوری بنانے کیلئے غیر مستقل نشستوں میں اضافہ بہترین راستہ ہے‘ سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافے کا کوئی معقول جواز نہیں‘جنرل اسمبلی کے ارکان کی تعداد کی بنیاد پر سلامتی کونسل کی سیٹیں بڑھانے سے کونسل کی عددی حیثیت تو بڑھ جائے گی لیکن اس کی کارکردگی کو مضبوط بنانے میں مدد گارثابت نہیں ہو گی۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں ایک مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی مندوب نے سلامتی کونسل میں مستقل نشستوں میں اضافے کی تجویز کو مسترد کر دیا۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے موقف اختیار کیا کہ سلامتی کونسل کو مزید جمہوری بنانے کیلئے غیر مستقل نشستوں میں اضافہ بہترین راستہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل کی مستقل نشستوں میں اضافے کا کوئی معقول جواز نہیں۔جنرل اسمبلی کے 193 ارکان بین الاقوامی چیلجنز سے نمٹنے اور عالمی امن کے لیے بھر پور کردار اد ا کررہے ہیں۔ملیحہ لودھی نے واضح کیا کہ جنرل اسمبلی کے ارکان کی تعداد کی بنیاد پر سلامتی کونسل کی سیٹیں بڑھانے سے کونسل کی عددی حیثیت تو بڑھ جائے گی لیکن اس کی کارکردگی کو مضبوط بنانے میں مدد گارثابت نہیں ہو گی۔انہوں نے کہا سلامتی کونسل کی مستقل سیٹ حاصل کرنے والے ممالک صرف پاور پالیٹیکس کے خواہش مند ہیں وہ اپنے لیے خصوصی استحقاق اور غیر مساوی حیثیت چاہتے ہیں۔