سپریم کورٹ،الیکشن ایکٹ 2017 کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد

 
0
375

اسلام آباد،نو مبر10(ٹی این ایس) : سپریم کورٹ نے الیکشن ایکٹ 2017 کیخلاف عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کر تے ہوئے کہا ہے کہ درخواست براہ راست سپریم کورٹ میں دائرنہیں کی جا سکتی اور درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ نے حال ہی میں منظور کردہ الیکشن ایکٹ 2017 کیخلاف تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی درخواست پر اعتراضات عائد کردیے۔

رجسٹرار آفس نے اعتراضات لگاتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست براہ راست سپریم کورٹ میں دائرنہیں کی جا سکتی اور درخواست گزار متعلقہ فورم سے رجوع کرے۔عمران خان نے اپنی درخواست میں موقف اپنایا تھا کہ بطور رکن اسمبلی نااہل ہونے والا شخص پارٹی عہدہ نہیں سنبھال سکتا اور نوازشریف کو (ن) لیگ میں عہدہ دلوانے کے لیے الیکشن ایکٹ میں خصوصی ترامیم کی گئیں جو آئین سے متصادم ہیں۔واضح رہے کہ اس سے پہلے شیخ رشید اور پیپلزپارٹی نے بھی الیکشن ایکٹ 2017 کیخلاف درخواستیں دائر کی تھیں جن رجسٹرار آفس نے اعتراض لگایا تھا۔ پیپلزپارٹی اور شیخ رشید نے اعتراضات کیخلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔