الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف بیرونی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت

 
0
3390

اسلام آباد ،جنوری08(ٹی این ایس):الیکشن کمیشن میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے خلاف بیرونی پارٹی فنڈنگ کیس کی سماعت شروع کردی گئی،مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کو آئندہ سماعت پر جواب جمع کرانے کی ہدایت ، آئندہ سماعت 15 جنوری کو ہو گی۔چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی سربراہی میں 4 رکنی کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست پر مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے خلاف پارٹی فنڈنگ کی درخواست کی سماعت کی۔

تحریک انصاف کے وکیل فیصل چوہدری اور مسلم لیگ ن کی جانب سے ایڈوکیٹ جہانگیر جدون الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے ، پیپلزپارٹی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ مصروفیت کے باعث پیش نہ ہو سکے۔تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب نے الیکشن کمیشن کے باہر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ مسلم لیگ( ن) اور پیپلز پارٹی کی جانب سے بیرونی فنڈنگ پر جواب جمع نہیں کرایا گیا۔گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن نے دونوں جماعتوں کو جواب جمع کرانے کی ہدایت کی تھی، دونوں جماعتوں کے پاس بیرونی فنڈنگ پر جواب ہے ہی نہیں ہے اور مسلم لیگ( ن) نے قانون کی خلاف ورزیاں کی ہیں ان کا انتخابی نشان ضبط کیا جائے۔