عام آدمی کی ترقی وخوشحالی کے مخالف قبل از وقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں ‘شہباز شریف

 
0
352

لاہور نومبر 11 (ٹی این ایس) پنجاب حکومت اور بین الاقوامی دوا ساز ادارے نوارٹس فارما پاکستان کے مابین 4 امراض میں مبتلا مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ ماڈل ٹاؤن میں منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری میڈیکل ایجوکیشن و سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر نجم شاہ جبکہ نوارٹس فارما پاکستان کی جانب سے کنٹری صدر شہاب رضوی نے مفاہمتی یاداشت پردستخط کئے۔ معاہدے کی رو سے نوارٹس فارما پاکستان اور حکومت پنجاب کے اشتراک سے4 امراض میں مبتلا مریضوں کو 6 ارب روپے کی مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔ مفت ادویات 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فراہم کی جائیں گی اور نوارٹس کی جانب سے ان ادویات کی فراہمی کیلئے فی مریض ایک ڈالررقم کی وصولی کے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی اور مریضوں کو مکمل طور پر مفت ادویات فراہم کی جائیں گی ۔

وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے معاہدے پر دستخط کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی دوا ساز کمپنی نوارٹس پاکستان اور حکومت پنجاب کے درمیان ہونے والے معاہدے سے ابتدائی طور پر 3 لاکھ 50 ہزار مریضوں کو فائدہ پہنچے گا اور ان مریضوں کو چار مختلف امراض ذیا بیطس ، امراض قلب ، بریسٹ کینسر اور سانس کی تکالیف کی ادویات فری دی جائیں گی اورپروگرام کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ مریضوں کو ادویات فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ حکومت کے اس ویژن کا عکاس ہے جس کے تحت دکھی انسانیت کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں اور اسی مقصد کے پیش نظر پنجاب حکومت نے ہسپتالوں میں علاج معالجے کو بہتربنانے کے لئے خاطر خواہ اقدامات کئے ہیں ۔ حکومت پنجاب نوارٹس کے ساتھ مفت ادویات مہیا کرنے کے پروگرام کو مزید آگے بڑھائے گی اور مجھے امید ہے کہ جلد اس پروگرام کا دائرہ کار 12 لاکھ مریضوں تک پھیلا دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ نوارٹس ایشیا کی سربراہ ڈیبورا گلیڈ نے آج حکومت پنجاب کے ویژن کی تعریف کی ہے اور کہا کہ پنجاب کے شعبہ صحت میں شاندار کام ہو رہا ہے اور ہم پنجاب حکومت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دیں گے، بلا شبہ پنجاب کی پوری ٹیم کی کارکردگی کی تعریف ہے۔وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت اور نوارٹس نے دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے بڑا قدم اٹھایا ہے اور پنجاب کی ٹیم ،نوارٹس کے حکام اور ان مریضوں کو مبارکباد دیتا ہوں جو اس سے استفادہ کریں گے ۔ وزیر اعلی نے میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوارٹس کی طرف سے6 ارب روپے کی مفت ادویات مریضوں کو غیر مشروط طور پر دی جا رہی ہیں اور اس کے لئے نہ تو کوئی سیاسی شرط عائد کی گئی ہے اور نہ ڈو مور کا تقاضا کیا گیا ہے بلکہ یہ دکھی انسانیت کی خدمت کے جذبے کے تحت کیا گیا ہے اور اسی جذبے اور عزم کو ہم نے آگے بڑھانا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت کا تعاون دیگر صوبوں کے ساتھ ہمیشہ جاری رہتا ہے اور اب بھی دیگر صوبوں کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون جاری ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا سانجھا ملک ہے اور چاروں صوبے اس کی اکائیاں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مفت ادویات کا یہ پروگرام شروع کرنے والے دین اور دنیا دونوں کما رہے ہیں اور میں تمام متعلقہ حکام ، افسروں اور عہدیداران کو مبارکباد دیتا ہوں ۔ وزیر اعلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قبل ازوقت انتخابات کا وہ تقاضا کر رہے ہیں جو نہیں چاہتے کہ غریب آدمی کو مفت ادویات ملیں ،یہ وہ لوگ ہیں جو نہیں چاہتے کہ لاہور میں اورنج لائن میٹر وٹرین چلے ۔ عام آدمی کی ترقی وخوشحالی کے مخالف قبل ازوقت الیکشن کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ میٹروبس کو جنگلا بس کہنے والے اس کو پشاور میں مشکل سے لے تو گئے ہیں لیکن وہ جانتے ہیں کہ وہ پشاور میں اس کو بنا نہیں سکتے اس لئے وہ لاہور میں بھی میٹروٹرین کا منصوبہ روکنا چاہتے ہیں ۔

وزیر اعلی نے ایک اور سوال کے جواب میں کہاکہ پنجاب حکومت عام آدمی کو علاج معالجے کی فراہمی کیلئے خوب سے خوب تر کی تلاش میں ہے ۔ پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں نصب کی جارہی ہیں اور ان مشینوں کی تنصیب سے مریضوں کو 24 گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی اور مشینیں خراب بھی نہیں ہو ں گی۔ بد قسمتی کی بات ہے کہ ہسپتالوں میں اربوں روپے کی مشینیں خریدی گئیں لیکن مل ملا کر ان مشینوں کو خراب کر دیا جاتا ۔یہ کالا دھندہ کئی برس سے چلتا رہا لیکن پنجاب حکومت نے اس کالے دھندے کو ہمیشہ کے لئے دفن کردیا ہے ۔ اب مینوفیکچررز خود سی ٹی سکین مشینیں لا رہے ہیں اور وہ اس کو خود چلائیں گے ۔ حکومت صرف سی ٹی سکین کے پیسے دے گی۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی معروف کمپنی ہٹاچی نے شفاف طریقہ کار کے ذریعے ٹینڈر حاصل کیا ہے اور پنجاب میں کوئی بھی کام ٹینڈر کے بغیر نہیں ہو تا ، جس طرح دیگر جگہوں پر ہوتا ہے ۔ سی ٹی سکین مشینوں سے غریب مریض کو 100 فیصد فری سہولت میسر آئے گی ۔ یہ ہے نیا پاکستان اور تبدیلی جو کہ پنجاب میں ہم لائے ہیں ۔ ہم دعوے نہیں کرتے، نعرے نہیں لگاتے ، صرف کام اور خدمت کرتے ہیں ۔ جہاں غلطی ہو وہاں معذرت کر لیتے ہیں ۔ ہم نے اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام کی حقیر خدمت کی ہے ۔ دیانت ، امانت اور محنت کے سنہری اصولوں کو اپنایا ہے ۔ مجھے یقین ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت کا اجر اللہ تعالی دیں گے اور عوام دعائیں دیں گے۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے رواں مالی برس 6 ارب روپے کی ادویات خریدیں اور مینو فیکچررز کے خرچے پر بعض ادویات کے نمونے دنیا کی معروف لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کرائے گئے ۔ ان میں سے ادویات کے73 نمونوں کی رپورٹ آچکی ہے جو کہ 100 فیصد ٹھیک ہے ۔ اسی طرح لاہور میں بنائی گئی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب میں بھی ان ادویات کے نمونے ٹیسٹ کئے گئے اور وہ بھی 100 فیصد درست نکلے ہیں جبکہ گذشتہ برس جن ادویات کے نمونے بیرون ملک سے ٹیسٹ کرائے گئے تھے ان میں سے 33 فیصد ناقص اور غیر معیاری نکلے تھے اور اس وقت لاہور کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب نے ان ادویات کے 99 فیصدنمونوں کو درست قرار دیا تھا۔ اللہ تعالی کی مہربانی اور پنجاب حکومت کی ٹیم کی محنت کے باعث لاہور کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیب کے معیار بہت بہتر بنایا گیا ہے تا ہم ابھی بھی بہتری کی گنجائش باقی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ جعلی و غیر معیاری ادویات کا دھندہ کرنے والے انسانیت کے قاتل ہیں اور پنجاب حکومت نے اس ناسور پر اب قابو پالیا ہے اور جعلی ادویات کی تیاری و فروخت کا کالا دھندہ بند ہوا ہے ۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ گردوں کی غیر قانونی پیوند کاری میں ملوث عناصر جیلوں میں بند ہیں اور انہیں ہتھکڑیاں لگی ہیں ۔ا عضاء کی غیر قانونی پیوند کاری ایک جرم ہے اور اس میں جو بھی ملوث ہو گا اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔ ایک اور سوال کے جواب میں وزیر اعلی نے کہا کہ ہم جلسوں میں جائیں گے لیکن جھوٹ نہیں بولیں گے ، یوٹرن نہیں ماریں گے ، بے بنیادالزامات نہیں لگائیں گے ، ترقی کا سفر نہیں روکیں گے بلکہ ہم اپنی کارکردگی کے ذریعے عوام میں جائیں گے۔ اس موقع صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق ، عائشہ غوث پاشا ، خواجہ عمران نذیر ، رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ، چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات اور نوارٹس فارما کے اعلی حکام بھی موجود تھے۔