وزیراعلیٰ پنجاب سے لاہور میں ہونیوالی یوتھ کانفرنس میں شرکت کرنیوالے غیر ملکی وملکی وفود کی ملاقات

 
0
346

لاہور نومبر 12(ٹی این ایس)وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ہفتہ کو یہاں لاہور میں ہونے والی یوتھ کانفرنس میں شرکت کرنے والے غیر ملکی وملکی وفود نے ملاقات کی ۔وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پرامن اور ترقی پسند ملک ہے ، جو دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ اور معاشی تعلقات رکھتا ہے۔سارک جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم ہے اور سارک کو خطے میں امن اور تجارت کے فروغ اورفوڈ سیکورٹی کے مسئلے کے حل کے لئے اپنا موثر کردار ادا کرنا ہے ۔ہمیں ، غربت ، جہالت ، افلاس اور بے روزگاری کے خلاف مل کر لڑنا ہے ۔ ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھ کر تلخیوں کو بھلا کر آگے بڑھنا ہے ۔سارک ممالک کو اپنے تمام تنازعات اور معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے چاہئیں- جنگیں اور طاقت کا استعمال کسی مسئلے کا حل نہیں ۔ہمسایہ ممالک کو پرامن بقائے باہمی اور باہمی احترام کے اصولوں کو اپنا کر باوقار طریقے سے آگے بڑھنے کی ضرورت ہے،پاکستان ، روس، نیپال، افغانستان اور دیگر ممالک کے ساتھ بہترین تعلقات رکھتا ہے،پاکستان اور نیپال کے درمیان دو طرفہ تعاون موجود ہے – کھٹمنڈو میں ہولناک زلزلے کی تباہی کے دوران حکومت پاکستان نے ریسکیو آپریشن میں بھرپور تعاون فراہم کیا۔ پاکستان اور افغانستان برادر اسلامی ملک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی نے دونوں ممالک میں بے پناہ تباہی مچائی ہے ۔ دونوں ممالک کو انتہا پسندی اور دہشت گردی کے ناسور سے ملکر نمٹنا ہے – پر امن اور مضبوط افغانستان پاکستان کے لئے جبکہ مضبوط اور پرامن پاکستان افغانستان کے لئے ضروری ہے،غلط فہمیوں کو دور کرکے مل کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے ، پاکستان گزشتہ تین عشروں سے 30 لاکھ افغان مہاجرین کی میزبانی کا فریضہ سرانجام دے رہا ہے، ہم اپنے افغان بھائیوں کی ہر طرح کی مدد کر رہے ہیں، دونوں ممالک کو مل بیٹھ کر دوستانہ ماحول میں تمام معاملات آگے بڑھانے کی ضرورت ہی-انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان زراعت ، لائیوسٹاک ، توانائی اور دیگر شعبوں میں تعاون موجود ہے،ہزاروں پاکستانی نوجوان آسٹریلیا کی یونیورسٹیوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں ،پاکستان کو گزشتہ کئی برسوں سے توانائی بحران کا سامنا رہا ہے ۔

بجلی کی کمی کے مسئلے نے ہماری صنعت، زراعت ، تعلیم ، صحت اور زندگی کے ہر شعبے کو بری طرح متاثر کیا ہے، ہماری حکومت نے توانائی بحران کے خاتمے کے لئے انتھک محنت سے کام کیا ہے اورملک میں گھنٹوں جاری رہنے والی لوڈ شیڈنگ اب ماضی کا قصہ بن چکی ہے، توانائی بحران کے خاتمے اور حکومتی اقدامات کے باعث ملک میں معاشی ترقی کا عمل تیز ہوا ہے – ملک کی زراعت اور صنعت ترقی کر رہی ہے اور روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہو رہے ہیں – وزیر اعلی نے کہا کہ ہماری آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے ۔

خواتین کو ترقی کے عمل میں شامل کئے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں – حکومت نے خواتین کی ترقی اور انہیں با اختیار بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں،پاکستان کی خواتین با صلاحیت ہیں جو تعلیم، صحت ، زراعت اور دیگر شعبوں کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں ، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے ذریعے ہونہار غریب طلباء و طالبات کو اربوں روپے کے تعلیمی وظائف دیئے جا چکے ہیں اور ان تعلیمی وظائف کے ذریعے تعلیم حاصل کرنے والے پیف سکالر مختلف شعبوں کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں – نوجوانوں کے غیر ملکی وفودنے وزیر اعلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہپاکستان ایک خوبصورت ملک ہے اور یہاں کے عوام محبت اور پیار کرنے والے ہیں – ہم پاکستان کے عوام کے خلوص، محبت اور مہمان نوازی کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے ۔

یہاں آکر جو ہمیں محبت اور احترام ملا ہے ، ہمارا پاکستان کے بارے میں تاثر بدل گیا ہے -ہم یہاں سے بہت خوبصورت یادیں لیکر واپس جائیں گے – لاہور بہت خوبصورت شہر ہے اور آپ نے اسے دنیا کا بہترین شہر بنا دیا ہے -لاہور کی ترقی دیکھ کر دلی خوشی ہوئی ہے، بلاشبہ لاہور میں یوتھ کانفرنس کا انعقاد خوش آئند اقدام ہے -وزیر اعلی شہباز شریف نے غیرملکی وفود سے انگریزی، روسی،جرمن، عربی اور فارسی زبانوں میں بھی گفتگو کی-صوبائی وزراء سید رضا علی گیلانی، جہانگیر خانزادہ ، معاون خصوصی ملک محمد احمد خان ، مشیر ڈاکٹر عمر سیف ، ایم پی اے حنا پرویز بٹ، چیئر پرسن پنجاب کمیشن برائے ترقی خواتین فوزیہ وقار اور پنجاب کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھی-