پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی میں اضافہ ،دھند اور اسموگ چھٹنا شروع

 
0
12732

پشاور نومبر 14 (ٹی این ایس) پنجاب سمیت ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کی پہلی بارش سے سردی میں اضافہ ہوگیا تاہم دھند اور اسموگ چھٹنا شروع ہوگئی،زیارت میں برفباری کے بعد ہر سو سفیدی چھا گئی ،اسکردو میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا، کئی علاقوں کے فیڈرٹرپ کرجانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ،شدید دھند کے باعث لاہور ایئرپورٹ پر پروازوں کا شیڈول شدید متاثر ہوا ،موٹر وے کو بھی دھند کی وجہ سے کئی مقامات سے بند کردیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق ملک اکثرعلاقوں میں بارش کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے ،لوگوں نے سردی سے بچنے کیلئے گرم کپڑوں کا استعمال شروع کر دیا ۔لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کے ساتھ ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور شہریوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

بعض علاقوں میں تیز بارش اور کئی مقامات پر ہلکی بوندا باندی ہوئی جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا اور اسموگ کم ہونے لگی ہے۔ پنجاب بھر میں کئی روز سے دھند اور گرد و غبار کے بادل چھائے ہوئے تھے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا تھا اور معمولات زندگی بھی متاثر ہو رہے تھے۔ اسموگ ختم ہونے کے لیے شہری بے چینی سے بارش کا انتظار کررہے تھے۔لاہور، جھنگ، چیچہ وطنی، رحیم یار خان ، پاکپتن، شیخوپورہ، بہاولپور ، فیصل آباد، ننکانہ صاحب، مظفر گڑھ ، لودھراں ، احمد پور شرقیہ ، اوکاڑہ، بہاولنگر ،اوچ شریف اور فاروق آباد میں ہلکی بارش اور بوندا باندی سے موسم خوش گوار ہوگیا جبکہ دھند کی شدت میں کمی ہوگئی۔ ادھر ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر اور ملتان میں 2گھنٹوں تک موسلادھار بارش سے موسم سرد ہوگیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بہاولپور میں 3، بھکر میں 7، ڈیرہ غازی خان میں 12، جھنگ میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔اسی طرح خانپور میں 9 ، کوٹ ادو میں 10، لیہ میں 15اور ملتان میں7ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جس کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا۔ساہیوال، رحیم یار خان، وہاڑی، چیچہ وطنی اور گرد و نواح میں موسم سرما کی پہلی بارش کے بعد سردی میں اضافہ ہوگیا ۔ملک کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد بجلی کا نظام بھی متاثر ہوا اور فیڈرٹرپ کرجانے سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ۔رات کو شدید دھند اور سموگ کے باعث معمولات زندگی شدید متاثر ہوئے ،علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر پروازوں کا شیڈول بھی شدید متاثر ہوا ،کئی ملکی اور غیر ملکی فلائٹیں منسوخ کردی گئیں ، ٹرینوں کی یں تاخیرسے مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔موٹر وے کو بھی دھند کی وجہ سے کئی مقامات سے بند کردیا گیا ۔حد نگاہ صفر ہونے پر موٹروے کو بھی کئی مقامات سے بند کردیا گیا ۔ ایم تھری پنڈی بھٹیاں سے فیصل آ باد، ایم فورکو فیصل آباد سے گوجرہ تک،ایم ٹو بابو صا بو لاہور سے کوٹ مومن تک موٹروے کو بند کردیا گیا ۔

ترجمان موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ شہری سموگ و دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ضروری سفر کے دوران جی ٹی روڈ کا استعمال کریں اور دوران سفر جی ٹی روڈ پر بھی گاڑی کی رفتار کو انتہائی کم رکھیں، شہری اپنی گاڑی کے وائپر اور ہیڈلائٹس درست حالت میں رکھیں تاکہ ان کا سفر محفوظ رہ سکے۔سندھ کے بیشترشہروں میں موسم سرما کی پہلی بارش کا آغاز ہوگیا،سکھرمیں بارش سے سردی بڑھ گئی ۔ جیکب آباد اورگردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ لاڑکانہ میں رم جھم برسنے سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ مٹیاری میں بادل خوب جم کربرسے ۔ گھوٹکی میں بارش کے بعد شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ۔ سانگھڑ ، کندھ کوٹ ، تنگوانی ، شکارپور سمیت کئی شہروں میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ نوشہروفیروز اور میہڑ میں بادل خوب گرج چمک کر برسے۔ شہدادکوٹ کے باسی بارش ہونے پر خوش ہوئے ۔

دوسری طرف زیارت میں برفباری کے بعد ہر سو سفیدی چھا گئی ۔ بلوچستان کے دیگر علاقوں میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا،اسکردو میں درجہ حرارت منفی پانچ ڈگری سینٹی گریڈ تک گرگیا۔خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں بھی گرج چمک کیساتھ بارش ہوئی، جس سے اسموگ اوردھند میں کمی ہو گئی۔ جبکہ جنوبی وزیرستان کے علاقے شوال اور مکین میں تیز بارش اور برفباری سے موسم شدید سرد ہوگیا۔ ڈی آئی خان میں بھی رات سے ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے قفے سے جاری رہا۔محکمہ موسمیات نے آئندہ دو روز کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، بالائی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان میں کہیں کہیں گرج چمک کیساتھ بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کر دی جبکہ جنوبی پنجاب میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ شہری علاقوں میں چھائی ہوئی سموگ رواں ہفتے بارش اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث بتدریج ختم ہو جائے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں ہلکی بوندا باندی کا سلسلہ جاری ہے جو آئندہ 24 گھنٹے تک جاری رہنے کا امکان ہے جب کہ بارش کے بعد شہر میں دھند کی شدت میں کمی واقع ہوئی ہے۔