پاکستان کا مریضوں کو طبی بنیادوں پر بھارتی ویزے کا اجراء وزیر خارجہ کے خط سے مشروط کرنے پر اظہار افسوس

 
0
486

اسلام آباد نومبر 15(ٹی این ایس)پاکستان نے مریضوں کو طبی بنیادوں پربھارتی ویزے کا اجراء وزیر خارجہ کے خط سے مشروط کرنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی اقدام کو انسانیت اور انسانی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔بدھ کو ترکی میں لیور کینسر کا علاج کرنیوالے پاکستانی شہری اسامہ علی خان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ بھارت نے پاکستانی مریضوں کومیڈیکل ویزے کیلئے انتظار کی اذیت سے دو چار کیا ہے جو انسانیت اور انسانی حقوق کے منافی اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی جانب سے میڈیکل ویزے کیلئے وزیر خارجہ کے خط کی رکھی گئی شرط عالمی قوانین کیخلاف ہے ۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے انسانی مسئلے کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش کی ہے۔بھارت نئی دہلی جانیوالے تمام پاکستانی مریضوں کو میڈیکل ویزے کیلئے اب بھی اپنے موقف پر قائم ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے ٹال مٹول کے بعد لیور کے کینسر میں مبتلا پاکستانی مریض اسامہ علی کو ترکی کے سفارتخانے نے ویزا جاری کیا جو اب کامیاب علاج کے بعد ہمارے درمیان موجود ہیں۔اس موقع پر موجود اسامہ علی کے والد نے ترکی میں علاج کی بہترین سہولت فراہم کرنے پر ترکی اور پاکستان کی حکومتوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ بھارت ہم پر تو گولیاں برسا سکتا ہے لیکن زخموں پر مرہم نہیں رکھ سکتا۔انہوں نے کہ جب ہم ترکی کے سرزمین پر اترے یہ امید پیدا ہوئی کہ میرا بیٹا صحیح سلامت وطن واپس جائیگا۔اسامہ علی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں علاج کے دوران حکومت پاکستان نے بھر پور ساتھ دیا ہے ، دونوں ممالک کا شکریہ ادا کرنے کیلئے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔