راولپنڈی نومبر 16(ٹی این ایس)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افغانستان میں امن کو پاکستان کے لیے انتہائی اہم قراردیتے ہوئے کہاہے کہ رکاوٹوں کے باوجود اپنی طر ف سے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں اورپاکستان اپنے مستقبل کی خاطرعوامی امنگوں کے مطابق کوششیں جاری رکھے گا جبکہ امریکی سینٹکام کے کمانڈرجنرل جوزف ایل ووٹل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کوسراہتے ہوئے اس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے.
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاوید باجوہ سے امریکی سنیٹرل کمانڈ (سینٹکام)کے کمانڈر جنرل جوزف ایل ووٹل نے جمعرا ت کو ملاقات کی،ملاقات کے دوران خطے کی سیکورٹی صورتحال اورافغانستان سے متعلق امور زیر غور لائے گئے،جبکہ پاک افغان بارڈر مینیجمنٹ اورخطے میں امن واستحکام کی غرض سے پاکستان کے مثبت کرداراورکوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیاگیا،آرمی چیف نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ افغانستان میں امن کسی بھی دوسرے ملک کے مقابلے میں پاکستان کے لیے زیادہ اہمیت کا حامل ہے،
انہوں نے کمانڈرسینیٹ کام کو بتایاکہ پاکستان نے رکاوٹوں کے باوجوداپنی طرف سے بہترین اقدامات اٹھائے ہیں،اوراپنے مستقبل کی خاطرپاکستانی عوام کی امنگوں کے مطابق کوششیں جاری رکھے گا تاہم افغانستان کی جانب سے ہمیں ایسا ہی جواب نہیں ملا،اور سرحد پار سے مسلسل حملے جاری ہیں، امریکی سینٹرل کمانڈ کے کمانڈر نے پاکستان آرمی کے کردار کا اعتراف کرتے ہوئے اسے سراہا اوردہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کیا ۔













