کلبھوشن کی اہلیہ سے ملاقات کی پیشکش پر بھارتی جواب موصول ہوگیا ہے جائزہ لے رہے ہیں،دفترِخارجہ

 
0
365

اسلام آباد، نومبر 18 (ٹی این ایس) :  ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کلبھوشن یادیو کی اہلیہ سے ملاقات کی پیشکش پر بھارت کی جانب سے جواب موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ پاکستان نے بھارت سے 10 نومبر کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے گرفتار افسر کلبھوشن یادیو کی اہلیہ سے اس کی ملاقات کرانے کی پیش کش کی تھی۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترجمان نے کہا کہ حکومت پاکستان نے خالصتاً انسانی ہمدردی کی بنیاد پر بھارتی کمانڈر کلبھوشن یادیو اور ان کی اہلیہ کی ملاقات کا انتظام کرنے کا فیصلہ کیا۔

تاہم ترجمان وزارتِ خارجہ نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کی اس کی اہلیہ سے ملاقات پاکستان مِیں ہی کرائی جائے گی اور اس حوالے سے اسلام آباد میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے موصول ہونے والے جواب میں کہا گیا ہے کہ انسانی حقوق کی بنیاد پر کلبھوشن کی والدہ بھی اپنے بیٹے سے ملاقات کی حق دار ہیں اس لیے پاکستان پہلے والدہ کو ویزہ فراہم کرے جن کی درخواست پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس موجود ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارت کلبھوشن کی اہلیہ کو اکیلے پاکستان بھیجنے سے گریزاں ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے بھارتی جواب کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مکمل غور و خوض کے بعد ترجمان کی جانب سے تمام تفصیل بتائی جائے گی۔واضح رہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے جاسوس کلبھوشن یادیو کو مارچ 2016 میں بلوچستان سے گرفتار کیا گیا تھا جب کہ بھارتی نیوی کے حاضر سروس افسرنے پاکستان میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کا اعتراف کیا تھا جس پرملٹری کورٹ نے کلبھوشن کو سزائے موت کا حکم دیا تھا تاہم بھارت نے فیصلے کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رجوع کررکھا ہے۔