ملک میں افرا تفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے، پتہ نہیں لگ رہا وزیراعظم نواز شریف ہے یا شاہد خاقان عباسی؟ پرویزخٹک

 
0
435

پشاور نومبر 19(ٹی این ایس)وزیر اعلی خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ اس وقت ملک میں افرا تفری کا ماحو ل بنا ہوا ہے۔ پتہ نہیں لگ رہا کہ نواز شریف وزیراعظم ہے یا شاہد خاقان عباسی وزیر اعظم ہے۔ ایسے حالات میں ملک نہیں چل سکتا کسی تیسر ی قوت کے آنے سے پہلے اسمبلی کو ختم کیا جائے اور قبل ازوقت انتخابا ت کرائے جائیں یہی وقت کا تقاضا ہے ایسے حالات میں بیوروکریسی بھی احکامات نہیں مانتی۔ اس ملک کو آصف علی زرداری ، نوازشریف اور اسفندیار ولی جیسے کرپٹ سیاستدانوں نے جتنا نقصان دیااس کی مثال نہیں ملتی لوٹ مار کے کلچر کو لگام دینے کیلئے ضروری ہے کہ سب کا بلا تفریق احتساب شروع کیا جائے اس ملک کو ایماندار قیادت کی ضرورت ہے اور ایک ایماندار قیادت ہی اس ملک کوبچا سکتی ہے جو عمران خان کی صورت میں ہمارے پاس موجود ہے پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے اپنے منشور پر من وعن عمل کیااوریہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا کی روایت کے برعکس آج ہمارے اقتدارکے آخری سال میں بھی اے این پی ، پی پی پی ، مسلم لیگ ن اوردیگر سیاسی پارٹیوں کے کارکن تحریک انصاف میں شامل ہورہے ہیں۔ وہ اکوڑہ خٹک میں پی پی پی کے صوبائی رہنما میاں اکمل شاہ ایڈوکیٹ کی رہائش گاہ پر اجتماع اور نوشہرہ کے علاقے اکوڑہ خٹک اوردیگر علاقوں سے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر خطاب کررہے تھے