پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افغانستان سے روابط کے ثبوت موجود ہیں ٗدفتر خارجہ

 
0
373

اسلام آباد نومبر 23(ٹی این ایس) ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہا ہے کہ پاکستان کیخلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افغانستان سے روابط کے ثبوت موجود ہیں ٗمعاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے ٗ کالعدم تحریک طالبان پاکستان اور ملا فضل اللہ افغانستان سے دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے ٗبھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورت حال کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کررہا ہے ٗامریکی کانگرنس کی جانب سے منظور کئے جانے والے بل میں پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں مشروط ادائیگیوں کا ذکر ہے۔

جمعرات کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ نے پاک چین تذویراتی مذاکرات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکرٹری خارجہ کی چینی ہم منصب سے افغانستان اوردیگر امور پرتبادلہ خیال ہوا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر بات کرتے ہوئے کہا کہ کپواڑہ اور دیگرعلاقوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور بھارت کے نہتے کشمیریوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ قابض بھارتی افواج کی غیرقانونی کارروائیاں جاری ہیں اور آپریشنز میں 12 کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔

ڈاکٹر فیصل نے کہاکہ بھارت کی یہ جارحیت خطے میں امن کے لئے خطرہ ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خراب صورت حال کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کررہا ہے ٗ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی بھارتی افواج جنگ بندی معاہدے کی مسلسل خلاف ورزی کررہی ہیں۔ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی کی مسلسل خلاف ورزی پربھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنرکوطلب کیا گیا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے خلاف دہشتگردی میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے افغانستان سے روابط کے ثبوت موجود ہیں، پاکستان نے’را‘ کی سرگرمیوں کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھایا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کے حوالے سے بتایا کہ بھارت کی جانب سے کلبھوشن کی اہلیہ کی ملاقات کا جواب موصول ہوگیا ہے جس میں بھارت نے کلبھوشن کی والدہ کی بھی ملاقات کرانے کی درخواست کی ہے۔ترجمان نے بھارت کی جانب سے میڈیکل ویزے کا حصول تقریباً ناممکن بنا دینے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل ویزے کا اجرا انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کیا جانا چاہیے۔

ڈاکٹر فیصل نے دوران بریفنگ حال ہی میں امریکی کانگریس کی جانب سے منظور ہونے والے بل کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ بل میں پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں مشروط ادائیگیوں کا ذکر ہے۔ ایک سوال پر ترجمان نے کہاکہ افغانستان کا 43 فیصد داعش اور دیگر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے طور پر استعمال ہورہا ہے، ٹی ٹی پی اور ملا فضل االلہ افغانستان سے ہی تخریب کاری کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔