تیل پر چلنے والے پرانے پاور پلانٹس بند کرنے کا عندیہ ،سستے پاور پلانٹ لگا کر عوام کو سہولت دی جائیگی‘ عابد شیر علی

 
0
357

لاہور نومبر 24(ٹی این ایس)وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے تیل پر چلنے والے پرانے پاور پلانٹس بند کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی پاور پلانٹ تیل کی کمی کی وجہ سے بند نہیں ہو رہابلکہ مسائل کی وجہ سے انہیں بند کر کے سستے پاور پلانٹ لگا کر عوام کو سہولت دی جائیگی،نوازشریف کا وعدہ تھا پاکستان سے اندھیروں کا خاتمہ کرینگے ، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی بدھ کوپورٹ قاسم پاورپلانٹ کاافتتاح کرینگے، قوم کی خدمت کرنے والے مشکلات میں گھیرے ہوئے ہیں جبکہ جن سے ڈالر برآمد ہوئے وہ آزاد ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز واپڈا ہاؤس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ عابد شیر علی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں نے ٹرانسمیشن لائنز پرایک پیسہ خرچ نہیں کیا، پیپلزپارٹی دور میں ایک میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل نہیں ہوئی مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ساڑھے 7ہزار میگاواٹ بجلی کی پیداوار میں اضافہ کیا ہے اور لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 2سے 3گھنٹے سے بڑھنے نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کا وعدہ تھا پاکستان سے اندھیروں کا خاتمہ کرینگے ، جو وعدے نوازشریف نے کئے آج قوم اس سے فائدہ اٹھا رہی ہے۔وزیراعظم بدھ کوپورٹ قاسم پاورپلانٹ کاافتتاح کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پرانے پاور پلانٹس میں زیادہ مسائل ہیں، ماضی میں کسی حکومت نے اس طرف توجہ نہیں دیا، وزیراعظم نے تیل پر چلنے والے پاور پلانٹس2019تک ختم کرنے کا حکم دیا ہے،سستے پاور پلانٹ لگا کر عوام کو سہولت دی جائیگی۔

انہوں نے بتایا کہ بجلی کی چوری پر ڈھائی فیصدقابو پالیا ہے ، ہم کہیں پرزیادتی نہیں کررہے ، بجلی چوری جہاں ہوگی وہاں لوڈشیڈنگ جاری رہے گی۔انہوں نے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ قوم کی خدمت کرنے والے مشکلات میں گھیرے ہوئے ہیں جبکہ جن سے ڈالر برآمد ہوئے وہ آزاد ہیں۔شیخ رشید کو تنقید نشانہ بناتے ہوئے عابد شیر علی نے کہاکہ سائیکل پر سفر کرنے والے آج ارب پتی بن چکا ہے ،انہیں اب لال حویلی سے باہر نکلیں نہیں دیں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت فیض آباد دھرنے کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کررہی ہے۔انھوں نے علمائے اکرام پر زوردیاکہ وہ قوم کو امن کا درس دیں۔