مصر، نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 85افرا دشہید اور 75زخمی

 
0
568

قاہرہ نومبر 24(ٹی این ایس) مصر کے شمالی صوبے سینائی میں نماز جمعہ کے دوران مسجد میں دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 85افرا دشہید اور 75زخمی ہوگئے ،زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ حکومت نے ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کردیا،تاحال کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق مصر کے علاقے شمالی سینا کے وسطی علاقے بئر العبد کے گاوں الروضہ میں نامعلوم عسکریت پسندوں نے ایک مسجد میں نماز جمعہ کے وقت دھماکا کیا جس کے نتیجے میں 85 افراد شہید اور 75 زخمی ہوگئے ۔مصر کی سرکاری نیوز ایجنسی مینا کے مطابق دھماکے کے نتیجے میں 85افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہوچکی ہے ۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے گاوں کی مسجد میں دھماکا خیز مواد لگا رکھا تھا، جسے انھوں نے نماز جمعہ کے دوران اڑایا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کا ہے کہ دھماکے کے بعد مسلح افراد نے نمازیوں پر فائرنگ شروع کردی ۔تین پولیس افسران کا کہنا تھا کہ شدت پسندوں نے سینائی کے دارالحکومت العریش سے 40 کلومیٹر دور قصبے بیر العبد کی الرودہ مسجد کو حملے کا نشانہ بنایا۔انہوں نے کہا کہ چار آف روڈ گاڑیوں میں آنے والے مسلح افراد نے مسجد میں جمعہ کے خطبے کے دوران نمازیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔دھماکے کے بعد فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئیں اور زخمیوں کو ریسکیو عملے نے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا جہاں بیشتر افراد کی حالت تشویشناک ہونے کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے ۔ سائرن بجاتی ایمبولنسیز جائے حادثہ کی جانب جاتی دیکھی گئی ہیں۔سیکورٹی فورسز نے دھماکے کے بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات شروع کردی ۔۔سیکورٹی حکام اور دیگر ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے میں نماز جمعہ ادا کرنے والے سیکورٹی فورسز کے حامیوں کو نشانہ بنایا گیا۔سرکاری ٹی وی کے مطابق حکومت نے دھماکے کے بعد ملک میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے ۔تاحال کسی بھی گروپ نے دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔