سعودی عرب اور اسپین کے تعلیم ، دفاع اور ٹیکنالوجی میں دوطرفہ تعاون کے چھ معاہدے

 
0
300

ریاض،13اپریل(ٹی این ایس):سعودی عرب اور اسپین کے درمیان دفاع ، فضائی ٹرانسپورٹ ، تعلیم ،ثقافت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ سے متعلق چھے سمجھوتے اور معاہدے طے پاگئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کے اسپین کے دورے کے موقع پر میڈرڈ میں دونوں ملکوں کے حکام نے ان معاہدوں ، سمجھوتوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کیے ہیں ۔شہزادہ محمد بن سلمان نے ہسپانوی وزیراعظم ماریانو رخوئے بیری اور دوسرے اعلیٰ عہدے داروں سے ملاقات کی ہے۔انھوں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور سعودی عرب اور اسپین کے درمیان مختلف شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری اور اس کو مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔شہزادہ محمد نے ہسپانوی وزیر دفاع ماریہ ڈولوریس کاسپیڈال گارشیا کے ساتھ دفاعی شعبے میں تعاون کے فروغ سے متعلق ایک سمجھوتے پر دستخط کیے ہیں جس کے تحت اسپین کی کمپنی ناونطیا سعودی عرب کو جہاز تیار کرکے دے گی۔سعودی ولی عہد کی موجودگی میں دونوں ملکوں میں فضائی ٹرانسپورٹ میں تعاون سے متعلق سمجھوتا بھی طے پایا ہے ۔اس سمجھوتے پر سعودی وزیر تجارت اور سرمایہ کاری ڈاکٹر ماجد القصبی اور اسپین کے ٹرانسپورٹ کے وزیر انڈیگو ڈی لا سرنا نے دستخط کیے۔ثقافت کے شعبے میں تعاون سے متعلق سمجھوتے پر سعودی عرب کے وزیر ثقافت اور اطلاعات ڈاکٹر عواد العواد اور اسپین کے وزیر تعلیم ، ثقافت اور کھیل انڈیگو مینڈیز ڈی ویگو نے دستخط کیے ہیں۔