اسلام آباد،نو مبر 26(ٹی این ایس) : وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان ملاقات ہوئی ہے،جس میں دھرنے کے بعد کی کشیدہ صورتحال اور آئندہ کی حکمت عملی پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے درمیان آج یہاں اہم ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں دھرنے کیخلاف آپریشن کے بعدکی کشیدہ صورتحال پربات چیت کی گئی ۔
آرمی چیف نے مئوقف اپنایاکہ حساس مسئلہ ہے ،اس معاملے پرباہمی مشاورت جاری رکھنی چاہیے۔انہوں نے کہاکہ فوج کومظاہرین کیخلاف استعمال کرنامناسب نہیں۔جتنے دستے بھیجنے تھے وہ بھیج دیے ،وہ کافی ہیں۔آرمی چیف نے مزید کہاکہ عوا م پاک فوج سے محبت کرتی ہے ان کیخلاف کاروائی کیسے کی جائے۔اپنے لوگوں کیخلاف طاقت کااستعمال نہیں کرسکتے۔دھرنا مظاہرین بھی پاکستانی ہیں تشدد سے گریز کیا جائے۔
انہوں نے کہاکہ انتشار سے دنیا میں پاکستان کاامیج خراب ہوگا۔حکومت ذمہ داروں کاتعین کرکے کاروائی کرے۔آرمی چیف نے تجویز دی کہ الیکٹرانک میڈیاپرپابندی ختم ہونی چاہیے۔اس موقع پروزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے آرمی چیف کی اکثرتجاویز پراتفاق کیا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میڈیاپرمخصوص حالات میں مختصرمدت کیلئے پابندی لگائی ہے۔تاہم میڈیاپرپابندی اٹھادی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ کوشش کریں گے کہ راجا ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ پبلک کردیں گے۔واضح رہے آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے گزشتہ روزبھی وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوفون کرکے پرامن رہنے کی درخواست کی تھی۔تاہم آرمی چیف متحدہ عرب امارات کادورہ مختصرکرکے گزشتہ رات وطن واپس پہنچے ہیں۔