عمران خان کا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ

 
0
494

 

اسلام آباد ،نو مبر26(ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو انتہائی خطرناک صورتحال میں دھکیلنے پر شریف خاندان کا کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنے وزیروں سمیت گھرجائے،وزیر اعظم اور انکے وزیروں نے انتہائی حساس معاملہ بگاڑ کر ملک کو سنگین بحران کی دلدل میں دھکیل دیا، آپریشن کے نام پر ایسی چنگاری سلگائی گئی جس نے پورے ملک کواپنی لپیٹ میں لیا،حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ جاری کرنے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کرکے حکومت نے غلطی پر پردہ ڈالنے کے تاثر کو تقویت دی،ملک میں امن کی بحالی اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے وزیراعظم وزیر داخلہ سمیت مستعفی ہوں،ملک میں قبل ازانتخاب کروائے جائیں۔

اتوار کو اپنے ایک بیان میں چیئر مین پی ٹی آئی نے پاکستان کو انتہائی خطرناک صورتحال میں دھکیلنے پر کپتان کا وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی سے فوری استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا ۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ احسن اقبال اور وزیر قانون بھی عہدے چھوڑدیں،وزیرقانون کو بہت پہلے ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجانا چاہئیے تھا،وقت آگیا ہے کہ شریف خاندان کا کٹھ پتلی وزیر اعظم اپنے وزیروں سمیت گھرجائے،وزیر اعظم اور انکے وزیروں نے انتہائی حساس معاملہ بگاڑ کر ملک کو سنگین بحران کی دلدل میں دھکیل دیا، آپریشن کے نام پر ایسی چنگاری سلگائی گئی جس نے پورے ملک کواپنی لپیٹ میں لیا۔

انہوں نے کہا کہ ماردھاڑ اور املاک کی تباہی کا سلسلہ پورے ملک میں پھیل گیا ہے، حکومت نے راجہ ظفرالحق کمیٹی کی رپورٹ جاری کرنے اور ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا، اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب کا مطالبہ بھی ریکارڈ پر موجود ہے،ذمہ داروں کیخلاف کارروائی نہ کرکے حکومت نے غلطی پر پردہ ڈالنے کے تاثر کو تقویت دی،یہ سوال پیدا ہواکہ ڈان لیکس کیطرح کیا ختم نبوت جیسے حساس ترین معاملے سے بھی جان بوجھ کر چھیڑ چھاڑ کی گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ موجودہ حکومت کسی بھی قیمت پر شریفوں کی کرپشن بچانے پر پوری قوت صرف کئے ہوئے ہے،جمہوریت کا خون ہو یا ملک میں عدم استحکام, حکومت ہر قیمت پر شریفوں کی کرپشن بچانا چاہتی ہے،حکومت کو اسکی اجازت نہیں دی جاسکتی،ملک میں امن کی بحالی اور جمہوریت کے تحفظ کیلئے وزیراعظم وزیر داخلہ سمیت مستعفی ہوں،ملک میں قبل ازانتخاب کروائے جائیں۔